لاہور (ویب ڈیسک)
آرکیالوجی سٹڈیز کے فروغ، تحقیقی تعاون اور مشترکہ سرویز کے لیے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورکے انسٹی ٹیوٹ آف ہسٹری، ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی (DGA) کے مابین معاہدہ۔ یونیورسٹی کے اولڈ کیمپس میں ایک پروقار تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی اور ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی عثمان علی خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔معاہدہ کے مطابق، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی، جی سی یو کے طلباء کو اپنی فیلڈ سرگرمیوں جیسے آثار قدیمہ کے سروے اور کھدائی کے لیے مدعو کرے گا تاکہ تحقیق اور دستاویزی فلمیں بنانے میں آسانی ہو۔ یونیورسٹی کی فیکلٹی طلباء کے لیے آثار قدیمہ کے پراجیکٹس اور ماڈیولز ڈیزائن کرے گی اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی انہیں تمام لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر زیدی نے کہا کہ جی سی یو میں عالمی معیار کے آرکیالوجی اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے قیام کا خواہاں ہیں اور معاہدہ سے اس شعبہ کی بنیاد رکھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی سیاحت کے فروغ کے لیے پبلسٹی مواد کی تیاری، ثقافتی ورثے پر سیمینارز اور ورچوئل کانفرنسوں کا انعقاد کر گی۔ڈاکٹر عثمان علی خان نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی کو ایک باشعور اور باخبر انسانی وسائل کی ضرورت ہے جو ملک کے تاریخی مقامات کے بارے میں ایک متاثر کن بیانیہ تشکیل دے سکے۔