شیخ رشیدسے سعودی وزیرداخلہ کی ملاقات، روابط مزید مضبوط کرنے پر زور
پاکستان،سعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، شیخ رشید
پاکستانی ورکرز کی بہترین دیکھ بھال پر سعودی حکومت کے مشکورہیں ،وزیر داخلہ
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے پر قائم ہیں،سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، پاکستانی وکرز کی بہترین دیکھ بھال پر سعودی حکومت کے مشکور ہیں۔ پاکستان کے ایک روزہ دورے پرآئے سعودی وزیرداخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف وفد کے ہمراہ وزارت داخلہ پہنچے جہاں انہوں نے شیخ رشید اور وزارت داخلہ کے حکام سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں مشیر برائے احتساب بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت دیگرحکام شریک رہے۔اسلام آباد میں ملاقات کے بعد وزارت داخلہ کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی، پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے پر قائم ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے 20 لاکھ پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستانی ورکرز کی بہترین دیکھ بھال پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔