امریکی ادارے سی ڈی سی نے بھارت کو لیول تھری اور چین کو لیول فور میں رکھا گیا ہے
واشنگٹن (ویب ڈیسک)
امریکا نے پاکستان کو کورونا کے کم ترین پھیلائو والے ممالک کی فہرست میں برقرار رکھا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے پاکستان کو لیول اول میں رکھا ہے۔ اس لیول میں وہ ممالک شامل ہیں جہاں کورونا سے متاثر ہونے کے خدشات کم ترین سطح پر ہیں۔سی ڈی سی نے پاکستان جانے والے امریکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر کرنے سے پہلے ویکسین کا کورس کا مکمل کرلیں اور ویکسین شدہ ہونے کے باوجود بند عوامی مقامات پر ناک ، منہ اور تھوڑی کو مکمل ڈھانپنے والا ماسک پہنیں۔کورونا کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر بھارت کو لیول سوم میں رکھا گیا ہے جس میں کورونا کے بڑے پیمانے پر پھیلائو کے خدشات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ بنگلہ دیش کو درمیانے درجے کے خطرے کے ساتھ لیول دوم میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح چین، برازیل اور میکسیکو سمیت درجن سے زائد ممالک کو لیول چہارم میں رکھا گیا ہے۔ اس لیول میں وہ ممالک شامل ہیں جہاں کورونا کے پھیلاو کے خدشات سب سے زیادہ ہیں۔واضح ہے کہ کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جہاں اب کورونا کی نئی قسم اومیکرون بھی تیزی سے پھیل رہی ہے اس لیے سخت حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔