اپوزیشن جماعتوں سے ملاقات سیاسی جماعت کی حیثیت سے کی
کراچی (ویب ڈیسک)
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ فیصلہ پی ٹی آئی کرے گی ہم کب تک ان کے ساتھ ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگر نے حلقہ بندیوں سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ایم کیو ایم پاکستان نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی حلقہ بندیاں تعصب کی بنیاد پر کی ہیں، صوبائی حکومت نے غیر قانونی ٹائون بنائے ہیں، ٹائونز کی من پسند حلقہ بندیاں کی گئیں، بلدیاتی حلقہ بندیوں کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جاے۔درخواست دائر کرنے کے بعد ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دور میں سندھ میں بدترین جمہوریت کی مثال قائم کی گئیں، پیپلز پارٹی نے اپنے جاگیردارانہ نظام اور مزاج کو بدلنا گوارہ نہیں کیا، اسی مزاج کو تقویت دینے کیلئے غیر قانونی حلقہ بندیاں کی گئیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے مان اور دل کہلانے والے شہری علاقوں کو تباہ کرنے میں لگی رہی، آج پاکستان کا جتنا بھی اور جیسا بھی استحکام ہے اسی شہر کی وجہ سے ہے۔ کنوینئر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے جعلی مردم شماری کے بعد حقیقی مردم شماری کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے ملاقات سیاسی جماعت کی حیثیت سے کی، سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کرنے گئے تھے۔ صحافیوں نے سوال کیا کہ آپ اپوزیشن سے مل رہے ہیں، آپ وفاقی حکومت سے اکتا گئے ہیں؟ جس پر خالد مقبول صدیقی نے جواب دیا کہ وہ نہیں اکتا سکتے اکتانے کی باری ہماری ہے۔ سوال کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ کب تک رہیں گے؟ جس کا جواب دیتے ہوئے خالد مقبول نے کہا کہ یہ فیصلہ بھی پی ٹی آئی کرے گی ہم کب تک ان کے ساتھ ہیں۔