سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے15سال مکمل،بھارتی ناظم الامورکی دفترخارجہ طلبی
بھارتی ناظم الامورکوسانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین کوانصاف نہ ملنے پرتحفظات سے آگاہ کیا
بھارتی حکومت سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے،ترجمان عاصم افتخار
اسلام آباد(ویب نیوز)
سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے15 سال مکمل ہونے پربھارتی ناظم الامور کودفترخارجہ طلب کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخارنے بیان میں کہا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے15 سال مکمل ہونے پربھارتی ناظم الامورکودفترخارجہ طلب کرکے سانحے کے متاثرین کوانصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ 15 سال گزرنے کے باوجود سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین کوانصاف نہ ملنے اوربھارتی حکومت کی بے حسی پرپاکستان کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں اوراس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔سمجھوتہ ایکسپریس میں 2007 میں دہشتگردی کے واقعہ میں 44 پاکستانی شہریوں سمیت 68 مسافرجاں بحق ہوئے تھے۔