جنوبی کشمیر میں جھڑپ ، دو بھارتی فوجی ہلاک، ایک حریت پسند شہید
ہلاک فوجی اہلکاروں میںسنتوش یادو اور سیپ چوان رومیت تاناجی شامل
سری نگر(ویب نیوز ) جنوبی کشمیر میں ایک جھڑپ میں دو بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ سری نگر میں بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں ہفتہ کو ایک جھڑپ میں دو فوجی اہلکار اور ایک عسکریت پسند مار گیا ۔ہلاک ہونے والے فوجی اہلکار سنتوش یادو اور سیپ چوان رومیت تاناجی بھارتی فوج کی راشتریہ رائفلز سے تعلق رکھتے تھے۔ ہفتے کی صبح بھارتی فوج ،آر آر ،سی آر پی ایف 178 بٹالین اور پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے شوپیاں ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریبا 20 کلومیٹر کی دوری پر واقع چیر مرگ زینہ پورہ نامی ایک چھوٹے سے گائوں کو محاصرے میں لے لیا تھا۔ پولیس کے مطابق عبدالسلام بٹ ولد مرحوم محمد رمضان بٹ کی رہائش گاہ سے فوج پر فائرنگ کی گئی جس میں دو فوجی ہلاک ہوگئے، جوابی کارروائی میں ایک نوجوان قیوم ڈار ساکنہ کاکہ پورہ پلوامہ مارا گیا۔ قصبے میں فوجی آپریشن جاری ہے ۔ ادھر شوپیاں میں این آئی اے نے دسویں کلاس کے طالب علم فیاض احمد میر کو گرفتار کر لیا ہے ۔شوپیان کے برتھی پورہ اور کرالہ چک علاقے میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران فیاض احمد ولد فیاض احمد میر کو گرفتار کیا گیا ۔