حکومتی قوانین عمران خان اینڈ کمپنی کیخلاف استعمال ہونیوالے ہیں، مریم نواز
حکومت کے بنائے گئے قوانین میڈیا اور اپوزیشن کی آواز بند کرنے کے لیے ہیں
لاہور( ویب نیوز)مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز پاکستان الیکٹرانک ایکٹ ترمیمی آرڈیننس پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت جو بھی قوانین بنا رہی ہے وہ عمران اینڈ کمپنی کے خلاف استعمال ہونے والے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا کہ یہ حکومت جو بھی قوانین بنا رہی ہے کہنے کو تو میڈیا اور اپوزیشن کی آواز بند کرنے کے لیے ہیں، لیکن یہ قوانین عمران اور ان کے ساتھیوں کے خلاف استعمال ہونے والے ہیں، ، پھر نا کہنا بتایا نہیں! ۔
پاکستان مسلم لیگ( ن )کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہاہے کہ جنرل الیکشن کسی وقت بھی ہوسکتے ہیں،یہ سال الیکشن کاسال محسوس ہورہا ہے۔اگلے دو تین ہفتے میں سب کچھ واضح ہوجائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے،ان کے اراکین ہم سے رابطہ کرر ہے ہیں۔ تاکہ کوئی منصوبہ بنائیں اور اسکی حکومت ختم کریں۔انہوں نے کہا سروے کے مطابق نواز شریف مقبولیت میں تین صوبوں میں برتری پر ہے۔یہ سچ کی فتح ہے کہ عوام نواز شریف کو یاد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عنقریب نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے۔ اگر نواز شریف کے ساتھ عوام ہیں تو انہیں اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے عوام کی رائے پر ڈاکہ ڈالا۔عمران خان جواب دہ ہو گا۔عمران خان کا اصل چہرہ مکمل طور پر عیاں ہوجائے گا۔عمران خان کے ہاں لوٹوں اور لٹیروں کی اہمیت ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان سلطان راہی والے ڈائیلاگ بول رہے تھے کہ چوروں ڈاکوئوں کو نہیں چھوڑوں گا۔عمران خان خود دو نمبر ہے۔عمران خان بھی چور ہے اور اسکے ساتھی بھی لٹیرے ہیں۔جب تک ووٹ کی عزت بحال نہیں ہوگی چور آتے رہیں گے۔