نیب نے اسحاق ڈار کے بنگلے کی نیلامی کیلئے ڈی سی لاہور کو خط لکھ دیا
لاہور (ویب ڈیسک)
نیب لاہور نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گلبرگ میں واقع بنگلے کی نیلامی کے لیے ڈی سی لاہور کو خط لکھ دیا۔بنگلہ کی فروخت سے 25 کروڑ روپے کی آمدن متوقع ہے۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مشکلات میں ایک دفعہ پھر اضافہ ہو گیا ہے اور نیب لاہور نے اسحاق ڈار کا گلبرگ میں واقع 4 کنال کا بنگلہ فوری طور پر فروخت کرنے کیلئے ڈی سی لاہور کو مراسلہ جاری کردیا۔گلبرگ میں 4 کنال اراضی پر موجود بنگلہ کی کل مالیت 250 ملین تک شمار کی جارہی ہے۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں نیب لاہور کی ملزم اسحاق ڈار کیخلاف یہ دوسری بڑی ریکوری ہو سکتی ہے۔قبل ازیں نیب لاہور اسحاق ڈار کے اکائونٹ سے 50 کروڑ روپے ریکور کروا کر قومی خزانہ میں جمع کروا چکا ہے۔نیب لاہور کیجانب سے بنگلہ کی فروخت کیلئے ڈی سی لاہور کو سرکاری سطح پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔لاہور کی احتساب عدالت نے سابق سینیٹر اسحاق ڈار کو کرپشن ریفرنس میں عدم پیروی پر دسمبر 2017 میں مفرور ملزم قرار دیا تھا۔عدالت نے نیب ریفرنس میں ظاہر کی گئی ملزم کی تمام جائیدادیں بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات بھی جاری کئے تھے۔ملزم اسحاق ڈار کی اہلیہ نے 2020 میں اسلام آباد ہائی کورٹ کو گلبرگ بنگلہ کی فروخت کیخلاف رٹ دائر کردی گئی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے گزشتہ ماہ مزکورہ رٹ نمبر 236/2020 کی تنسیخ کے بعد نیب نے بنگلہ کی نیلامی کے لیے لیٹر لکھ دیا ہے۔