روس کے حملے کے بعد یوکرین نے سول فضائی حدود کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا
کیف / واشنگٹن (ویب ڈیسک)
روس نے یوکرین پرحملہ کردیا ۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے صدر پیوٹن نے یوکرین کے علیحدگی پسندوں کی مدد کے لیے فوجی آپریشن کرنے کا اعلان کیا۔ روسی صدر نے ٹیلی وژن پر اپنے ایک مختصر بیان میں کہا کہ میں فوجی آپریشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے یوکرین کی فوج کو ہتھیار ڈال دینے کے لیے بھی کہا۔ روسی صدر کے اعلان کے بعد یوکرین سے موصول اطلاعات کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ملٹری کمانڈ سینٹرز پر بھی میزائل داغے گئے ۔ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں5سے6 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ مشرقی یوکرین میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ یوکرینی شہر ماریوپول اور بندرگاہ بلیک سی پورٹ اڈیسہ پر دھماکے سنے گئے ، روسی فوج یوکرین کے علاقے ماریوپول اور اڈیسہ میں پہنچ گئی ۔ یوکرینی شہر کراماتو رسک پر فضائی حملے اور دھماکوں کی خبریں سوشل میڈیا پر پھیل گئیں،حملے کے نتیجے میں ہونیوالے نقصان کا پتہ نہیں چل سکا ۔ یوکرین کی وزارتِ داخلہ نے کہا کہ روس نے بیلیسٹک اور کروز میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ روس کے حملے کے بعد یوکرین نے سول فضائی حدود کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا۔
یوکرین کے وزیرخارجہ دیمترو کیلیبا نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین پرحملہ کردیا ،ہرقیمت پر ملک کا دفاع کرینگے۔یوکرینی وزیرخارجہ دیمترو کیلیبا نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ روس نے یوکرین پرپوری قوت سے حملہ کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت کیف سمیت کئی شہروں پرحملے کئے گئے ہیں۔ دنیا صدرپیوٹن کوروکے۔ یہ عملی اقدامات کرنے کا وقت ہے۔ہم ہرقیمت پراپنے ملک کا دفاع کریں گے اورکامیاب ہوں گے۔
حملے سے ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کا ذمہ دار صرف روس ہے، دنیا روس کا احتساب کرے گی
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین پر روس کے بلا اشتعال اور غیر منصفانہ حملے کا امریکہ اور اتحادی جواب دیں گے۔جوبائیڈن نے کہا کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے پہلے سے سوچی سمجھی جنگ کا انتخاب کیا ہے، جنگ تباہ کن نقصان اور انسانی مصائب لائے گی، حملے سے ہونے والی ہلاکتوں اور تباہی کا ذمہ دار صرف روس ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا روس کا احتساب کرے گی۔امریکی دفاعی اہلکار کا نے کہا کہ روس کی 80 فیصد فوج یوکرین کے بارڈر پر ہے، روس کی فوج آگے بڑھنے کیلئے بالکل تیار بیٹھی ہے۔روس نے یوکرین کے ساتھ اپنی سرحد کے کچھ حصوں پر فضائی حدود بند کر دی ، فرانس نے شہریوں سے فوری طور پر یوکرین سے انخلا کی ہدایت کردی۔