لاہور (ویب نیوز)

  • یہ لندن پلان کا حصہ ہے جہاں اس بات کا وعدہ کیا جا چکا ہے کہ مفرور نواز شریف کو اقتدار میں واپس لایا جائے گا
  • گھر پرحملہ کرنے کا مقصد میرا عدالت پہنچنا یقینی بنانے کے لیے نہیںبلکہ مجھے جیل میں ڈالنا تھا تا کہ میں انتخابی مہم کی قیادت نہ کرسکوں
  • تمام کیسز میں ضمانت کے باوجود پی ڈی ایم کی حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے، ٹویٹس

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے زمان پارک میں میرے گھر پر حملہ کردیا ہے جہاں بشریٰ بیگم اکیلی ہیں۔عمران خان نے ٹویٹس میں کہا کہ پنجاب پولیس کس قانون کے تحت یہ کارروائی کررہی ہے۔ یہ لندن پلان کا حصہ ہے جہاں اس بات کا وعدہ کیا جا چکا ہے کہ مفرور نواز شریف کو اقتدار میں واپس لایا جائے گا۔ تمام کیسز میں ضمانت کے باوجود پی ڈی ایم کی حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہوں اسی لیے حکومت کے مذموم ارادوں کو جانتے ہوئے بھی اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے جا رہا ہوں۔ پی ڈی ایم کی حکومت کا واضح مقصد مجھے گرفتار کرنا ہے۔ان حرکتوں سے چوروں اور ڈاکوں کا یہ ٹولہ بے نقاب ہوگیا ۔عمران خان نے کہا کہ میرے گھر پرحملہ کرنے کا مقصد میرا عدالت پہنچنا یقینی بنانے کے لیے نہیں تھا بلکہ مجھے جیل میں ڈالنا تھا تا کہ میں انتخابی مہم کی قیادت نہ کرسکوں۔

زمان پارک میں گرینڈ آپریشن 

  • زمان پارک میں گرینڈ آپریشن، پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھرمیں داخل، اسلحہ برآمد
  • آپریشن انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابہر گل کی جانب سے جاری سرچ وارنٹ کے بعد کیا گیا،پولیس
  • اسلحہ میں 16 رائفلیں شامل، بطور وزیراعظم عمران خان کو یہ اسلحہ دیا گیا تھا لیکن منصب سے ہٹنے کے بعد واپس نہیں کیا، پولیس ذرائع
  •  عمران خان کے گھر میں اینٹی رائیٹ فورس سے تصادم میں کئی کارکن اور 2پولیس اہلکار زخمی ہوئے،متعدد کارکنوں کوگرفتار کرلیا گیا
  • پی ٹی آئی کارکنوں کے خیمے اکھاڑ اور بیریئرز و کنٹینرز ہٹا دئیے گئے، علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی
  • زمان پارک میں پولیس آپریشن ریاستی دہشت گردی ہے، ہمشیرہ عمران خان

 سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعدزمان پارک لاہور میں پولیس نے گرینڈ آپریشن کیا،پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کی رہائشگاہ میں داخل ہوگئی ،مزاحمت پر متعدد کارکنوں کوگرفتار کرلیا گیا ہے، تصادم میں کئی کارکن اور 2پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے،پولیس ذرائع کے مطابق گھر سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، جن میں 16 رائفلیں شامل ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابہر گل کی جانب سے جاری سرچ وارنٹ کے بعد کیا گیا ۔ پولیس کی بھاری نفری نے زمان پارک آپریشن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں کے خیمے اکھاڑ دئیے گئے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے ۔ پولیس کی جانب سے قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو بھی کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا جبکہ زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود تھے۔پولیس عمران خان کی رہائشگاہ میں گیٹ توڑ کر داخل ہوگئی ، پہلے واٹر کینن نے عمران خان کے گھر میں پانی پھینکنا شروع کیا جبکہ کرین کی مدد سے تمام رکاوٹیں ہٹائی گئیں۔ عمران خان کے گھر میں کارکنوں اور اینٹی رائیٹ فورس کے درمیان شدید تصادم کے دوران پی ٹی آئی کے کئی کارکن زخمی ہوگئے ہیں جبکہ 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ، زمان پارک کے علاقے کو مکمل سیل کردیا گیا ۔ پولیس کے ساتھ واٹر کینن، بلڈوزر اور قیدیوں کی وین بھی موجود تھیں۔ پولیس نے کرین کی مدد سے پی ٹی آئی کے کیمپس اکھاڑ دیے اور بیریئرز و کنٹینرز ہٹادئیے۔پولیس نے گھر سے اسلحہ برآمد کرلیا، جن میں 16 رائفلیں شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر یہ اسلحہ سرکاری نظر آرہا ہے، بطور وزیراعظم عمران خان کو یہ اسلحہ دیا گیا تھا لیکن انہوں نے منصب سے ہٹنے کے بعد یہ اسلحہ واپس نہیں کیا۔پولیس کی جانب سے وضاحت سامنے آئی ہے کہ آپریشن سرچ وارنٹ کے بعد کیا گیا۔ سرچ وارنٹ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابہر گل نے جاری کیا تھا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں مال روڈ انڈر پاس کو کنٹینر اور بیریئر لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ دھرم پورہ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند ہیں۔اس کے علاوہ میو گارڈن، اپر مال اور دیگر انڈر پاسز بھی بند کر دیئے گئے ہیں اور بند راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔لاہور میں بند کیے گئے راستوں پر خاردار تاریں بھی بچھائی گئی ہیں ، پولیس نے عمران خان اور رہنماؤں کو زمان پارک واپس جانے سے مبینہ طور پر روکنے کے لیے زمان پارک کے اطراف کنٹینرز لگا دئیے۔

زمان پارک میں پولیس آپریشن ریاستی دہشت گردی ہے، ہمشیرہ عمران خان

چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ ڈاکٹرعظمی نے لاہور میں اپنے بھائی کی زمان پارک والی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کون اپنے لوگوں کو مارتا ہے۔لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹرعظمی نے کہا کہ یہ آپریشن ریاستی دہشت گردی ہے۔ افسوسناک ہے کہ ہمارے اپنے لوگوں نے ہمارے ساتھ یہ کیا۔ڈاکٹرعظمی نے کہا کہ میرے بار بار کہنے کے باوجود مجھے سرچ وارنٹ نہیں دکھایا گیا، پولیس نے خان صاحب کے بچوں کی چیزیں توڑی ہیں، بچپن کی تصویریں پھاڑ دیں۔عمران خان کی ہمشیرہ کے مطابق پولیس نے ان کے شوہر کو بھی گرفتارکرلیا ہے۔ڈاکٹرعظمی نے مزید بتایا کہ بشری بی بی خیریت سے ہیں۔۔