یوکرین کاروس کے3500 فوجی ہلاک،200 گرفتارکر نے کا دعویٰ
روس کے 14 طیارے،8 ہیلی کاپٹرز مارگرائے، 102 ٹینک تباہ کردئیے
دارالحکومت کیف کی سڑکوں پرلڑائی جاری، مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں،یوکرینی فوجی
کیف (ویب ڈیسک)
یوکرین نے روس کے3500 فوجی ہلاک اور 200گرفتارکرنے کا دعوی کیا ہے۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے دارالحکومت کیف کی سڑکوں پرلڑائی جاری ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرین کی فوج نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ یوکرین کیخلاف جنگ میں شریک 3500 روسی فوجیوں کوہلاک اور200کوگرفتارکرلیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یوکرین کی فوج نے اب تک روس کے 14طیارے،8ہیلی کاپٹرز مارگرائے جبکہ 102ٹینک تباہ کردئیے ہیں۔یوکرینی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کیف کی سڑکوں پرلڑائی جاری ہے۔ کیف کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین پربحرہ احمر سے میزائل حملہ کیا گیا۔
ملک کا دفاع کرنے کیلئے یوکرین کی خاتون رکنِ پارلیمنٹ نے بھی ہتھیار اٹھا لئے
روس کے حملے کے بعد ملک کا دفاع کرنے کیلئے یوکرین کی خاتون رکن پارلیمنٹ کیرا روڈک نے کلاشنکوف تھامے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔خاتون رکنِ پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں یوکرین کی خواتین کی جنگ میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھاکہ وہ کلاشنکوف کا استعمال سیکھ رہی ہیں اور ہتھیار اٹھانے کی تیاری کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے تک انکے ذہن میں ایسا خیال کبھی نہیں آیا تھا۔خاتون رکنِ پارلیمنٹ نے کہا کہ ہماری خواتین اس مٹی کی اسی طرح حفاظت کریں گی جس طرح ہمارے مرد کر رہے ہیں۔اس سے قبل روسی فوج کے یوکرین کے مختلف شہروں پر حملوں کے جواب میں سابق یوکرینی صدر پیٹرو پوروشینکو اپنی رائفل کے ساتھ سڑکوں پر نکلے تھے۔انہوں نے ایک براہ راست ٹی وی انٹرویو کے دوران کلاشنکوف اٹھائے انٹرویو دیا اور کہا کہ ہم روسی دشمن فوجیوں سے لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔پیٹرو پوروشینکو نے دورانِ انٹرویو رائفل اور دو مشین گنیں دکھائیں اور کہا کہ اگر روسی فوجی ان کے ملک پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ یوکرین کی سڑکوں پر لڑیں گے۔
امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور یورپی یونین نے روسی صدر ، وزیر خارجہ پر پابندیاں لگا دیں
پیوٹن اور سرگئی لاروف پر پابندیاں ظاہر کر رہی ہیں کہ مغرب کتنا کمزور ہے، روسی وزارت خارجہ کا ردعمل
یوکرین پر حملے کے بعد امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور یورپی یونین نے روسی صدر پیوٹن اور وزیر خارجہ سرگئی لاروف پر براہ راست پابندیاں لگا دیں۔امریکا، برطانیہ، کینیڈا، یورپی یونین نے روس کے خلاف اقتصادی محاذ کھول دیا۔ روسی اداروں کے بعد براہ راست صدر پیوٹن اور وزیرخارجہ پر اقتصادی پابندیاں لگا دیں۔ امریکا نے صدر پیوٹن کے امریکا سفر پر پابندی کا بھی اعلان کر دیا۔ روسی وزارت خارجہ نے ردعمل میں کہا ہے کہ پیوٹن اور سرگئی لاروف پر پابندیاں ظاہر کر رہی ہیں کہ مغرب کتنا کمزور ہے۔اس سے قبل سلامتی کونسل کے اجلاس میں روسی حملے کی امریکی مذمتی قرارداد روس نے ویٹو کر دی۔ قرارداد کے حق میں گیارہ ممالک نے ووٹ دیا۔ چین، متحدہ عرب امارات، بھارت غیرجانبدار رہے اور ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
بھاگنے کیلئے سواری نہیں، لڑنے کیلئے ہتھیار چاہیے،یوکرینی صدر نے امریکی پیشکش مسترد کردی
امریکی حکومت نے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو کیف سے نکلنے میں مدد کی پیشکش کی،میڈیا رپورٹ
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ملک سے انخلا میں مدد کی امریکی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بھاگنے کیلئے سواری نہیں، لڑنے کیلئے ہتھیار چاہیے ۔امریکی میڈیا نے انٹیلی جنس آفیسر کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی حکومت نے صدر ولادیمیر زیلنسکی کو کیف سے نکلنے میں مدد کی پیشکش کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے صدر نے امریکی پیشکش پر جواب دیا کہ مجھے اینٹی ٹینک ہتھیاروں کی ضرورت ہے،کیف سے نکلنے کے لے فلائٹ کی نہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل یوکرین کے صدر کی فوجی اور سیاسی قیادت کے ہمراہ بھی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ ہم یوکرین میں ہی موجود ہیں اور آخری دم تک آزادی کا دفاع کریں گے۔ اس کے علاوہ صدر ولادیمیر زیلنسکی کی ایک اور ویڈیو بھی زیر گردش ہے جس میں انہیں ملٹری بیس میں کافی پیتے دیکھا جا سکتا ہے۔