آصف زرداری نے بھٹو کی نظریاتی سیاست کو دفن کردیا، شاہ محمود قریشی
بلاول اور زرداری سرکار کی بیساکھیاں چھوڑ دو اور ہم سرکار کے بغیر سندھ میں آپ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، میدان میں آجاو۔وزیر خارجہ چیلینج
شہدادکوٹ (ویب ڈیسک)
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان پیپلزپارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے بھٹو کی سیاست کو دفن کردیا ہے۔سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ کے دوران شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری آنکھ دیکھ رہی ہے مجھے یقین نہیں آرہا، یہ وہ دھرتی ہے، جس دھرتی میں پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی جھنڈا دکھائی نہیں دیتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ضیاالحق کی آمریت میں بھی پیپلزپارٹی کا سورج غروب نہ ہوسکا، مشرف کے دور میں بھی پیپلز پارٹی کو نہ دبایا جاسکا، ایوب خان کے وقت میں بھی یہاں پیپلزپارٹی نے اس دھرتی سے، لاڑکانہ کی مٹی سے جنم لیا۔انہوں نے کہا کہ آج میں یہ دیکھ رہا ہوں کہ آج لاڑکانے کی مٹی اور دھرتی میں مجھے پیپلزپارٹی کے جھنڈے کے مقابلے میں تحریک انصاف کا جھنڈا لہراتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سوچنے کی بات ہے کہ یہ نوبت کیوں آئی، آج یہاں میں جو تبدیلی دیکھ رہا ہوں، اس کا ذمہ دار ایک شخص ہے، جس کا نام آصف علی زرداری ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج آصف علی زرداری نے بھٹو کی سیاست کو دفن کردیا، آج اس نے بھٹو کی نظریاتی کو زر اور زرداری کی سیاست میں تبدیلی کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج وہ کراچی سے لانگ مارچ پر نکلے ہیں لیکن سندھ کی حکومت کا سہارا لے رہے ہیں، سندھ کی سرکار کا سہارا لے رہے ہیں، پولیس کی گاڑیاں بدین میں جھنڈے لگا رہی ہیں، فائر بریگیڈ کے ٹرک، جو آگ بجھانے والے ہیں وہ پی پی پی کے جھنڈے لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں سرکاری جھنڈے لگائے جارہے ہیں تمھارا کارکن کیوں نہیں لگاتا اور سرکاری مشینری سے جھنڈے کیوں لگا رہے ہو، یہ زیادہ ہے، چھوٹا ہے، بڑھا ہے، جو کچھ بھی ہے، ایک جھنڈا ہے، آدھا ہے، سرکاری تو نہیں ہے۔پی پی پی قیادت کو چینلج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بلاول اور آصف علی زرداری سرکار کی بیساکھیاں چھوڑ دو اور ہم سرکار کے بغیر سندھ میں آپ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، میدان میں آجاو۔انہوں نے کہا کہ دھونس اور انتقام کی سیاست تم کرو، نوکریاں فروغ تم کرو، سیاست پر اختلاف ہونا سیاست کا حسن ہے، کبھی ساری دنیا ساتھ ہوتی ہے، ممکن نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کون سی سیاست ہے کہ مخالف کو گولی کی نذر کردیا جائے، یہ سیاست نہیں ہے، آج اس سیاست کو بدلنے کا وقت آگیا ہے، سندھ کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ جب سوچ بدلے گی تو سندھ بدلے گا، سندھ میں 15 سال سے مسلسل پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہے کیا ان 15 برسوں میں سندھ کے سارے مسائل حل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15 سال کا اقتدار ہے اور مسائل جوں کے توں ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ہم چلے ہیں اسلام آباد عمران خان سے حساب لینے، عمران خان 3 سال کا حساب دینے کے لیے تیار ہے، آ ترازو میں رکھ لو تین سال کا حساب ہم سے لے اور 15 سال کا حساب تم دے دو، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم آج لاڑکانے کی مٹی پر کھڑے ہو کر کہہ رہا ہوں، میڈیا اور پاکستان کے دانش وروں سے درخواست کر رہا ہوں، جو تبدیلی کے سفر کے لیے اسلام آباد کی طرف نکلے ہیں، ایک طرف ٹی وی سب کو بلا لو۔بلاول کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد آرہے ہو نا آجاو، زرداری کو بھی لیاآو، ہم عمران خان کو لے آتے ہیں، اسٹیج لگاتے ہیں، ہم ساڑھے 3 سال کی اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھتے ہیں اور آپ 15 سال کی کہانی قوم کو سنا دو تاکہ لوگوں کو پتہ چل جائے کہ حقیقت کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ مزید غفلت کا شکار نہیں ہوسکتا ہے، سندھ مزید کوتاہیاں نہیں کرسکتا، جو دیکھ رہے ہیں کہ پیپلزپارٹی میں کتنی تبدیلی آئی ہے، وہ شعور اور منشور نہیں ہے، وہ کارکن اور وہ نظریہ نہیں ہے، وہ جوش جنون نہیں ہے، یہ وہ سندھ نہیں ہے اور پھر ہم آنکھ بند کر کے پیچھے چلیں تو نہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے ملتان میں آکر کہا کہ شاہ محمود سے کہو جو پیپلزپارٹی چھوڑتا ہے وہ ہیرو سے زیرو ہوجاتا ہے، تو میں پی پی پی چھوڑ کر بھی آج رکن اسمبلی ہوں، آج پاکستان کا ترجمان اور پاکستان کا وزیر خارجہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کا ایک بہت بڑا خطاب بھی ہے، بین الاقوامی اور پاکستان کی معاشی صورت حال پر خطاب کریں گے۔