پاکستان کیلئے برطانیہ کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہے۔ لارڈ میئر آف برمنگھم محمد افضل
لارڈ میئر برطانیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں۔ محمد شکیل منیر

اسلام آباد ( ویب نیوز )

لارڈ میئر آف برمنگھم کونسلر محمد افضل نے کہا کہ پاکستان کیلئے برطانیہ کے ساتھ باہمی تجارت کوفروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں لہذا پاکستان کی بزنس کمیونٹی اپنے کاروبار کو بہتر کرنے کیلئے ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل، سابق چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
لارڈ میئر آف برمنگھم نے کہا کہ یورپی یونین سے نکلنے کے بعد برطانیہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برمنگھم برطانیہ کا دوسرا بڑا شہر ہے جس کا جی ڈی پی پرتگال کے جی ڈی پی کے برابر ہے لہذا پاکستان کے لیے اس کے ساتھ تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برمنگھم میں تقریباً تین لاکھ افراد پر مشتمل مضبوط پاکستانی کمیونٹی مقیم ہے جو پاکستان اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برمنگھم میں تعمیراتی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے جو پاکستان کو بھی باہمی تعاون کے عمدہ مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو بہتر بنانے کے لیے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور گریٹر برمنگھم چیمبر آف کامرس کے مابین قریبی تعاون کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل، سابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر آئی ٹی کی برآمدات کو 100 سے 200 ارب ڈالر تک فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے کوششیں تیز کی جائی جس سے پاکستان کی معیشت کافی بہتر ہو گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری برادری پبلک سیکٹر کی طرف دیکھنے کی بجائے پائیدار ترقی کے لیے اپنا مضبوط اندرونی مالیاتی نظام تیار کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے مختلف مالیاتی ماڈلرز تیار کر کے سی پیک کو سپورٹ کرنے اور ایف ڈبلیو او کو ایک مضبوط کاروباری ادارہ بنانے کے بارے میں اپنے تجربات بھی شرکاء سے شیئر کئے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے برمنگھم کے لارڈ میئر کونسلر محمد افضل کی پاکستانی کمیونٹی اور پاکستان کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سمیت پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا انہوں نے کہا کہ برمنگھم کے لارڈ میئر برطانیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد افضل سابق چیئرمین این ڈی ایم اے کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ آئی سی سی آئی ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہے گا۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، خالد اقبال ملک چیئرمین فاؤنڈر گروپ، ظفر بختاوری، اعجاز عباسی، ملک سہیل حسین، فاطمہ عظیم، محمد نوید ملک اور دیگر نے بھی برمنگھم کے لارڈ میئر کونسلر محمد افضل اور سابق چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔