چیئرمین پی ٹی اے کا جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس میں ڈیجیٹل پاکستان کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ( ویب نیوز )
چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، میجر جنرل (ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ نے بارسلونا میں جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس 2022 میں ’ڈیجیٹل پاکستان گول میز کانفرنس‘ سے خطاب کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے شرکاء کو پاکستان کے ڈیجیٹل پروفائل کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے پاکستان کے ٹیلی کام شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات اور کنیکٹیویٹی لینڈ سکیپ پر زور دیا۔ چیئرمین نے شعبے اور صارفین کی سہولت کے لیے اہم ریگولیٹری اقدامات جیسا کہ موبائل فون لائسنسوں کی تجدید، سپیکٹرم کی نیلامی، ریشنلائزیشن برائے سپیکٹرم، 5G روڈ میپ، بیک ہال فائبرائزیشن، آئی او ٹی فریم ورک اور سروس اپ گریڈیشن کے معیار وغیرہ پر روشنی ڈالی۔
چیئرمین نے آئی سی ٹی کے شعبے میں خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت اورپاکستان میں ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے کامیاب اثرات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ اس دوران ٹیکس ریشنلائزیشن اور ٹیلی کام کے شعبے کی مالی حالت سے متعلقہ امور پر بھی بات چیت کی گئی۔انہوں نے کہا ٹیلی کام کی صنعت کو منافع سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے اور اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کے لیے ضروری پالیسی اور ریگولیٹری اقدامات کے ذریعے ممکن بنایا جائے گا۔ جی ایس ایم اے کی گول میز کانفرنس میں وزارت آئی ٹی اینڈ ٹی، یو ایس ایف، ایف اے بی کی سینئر قیادت اور ٹیلی کام سی ای اوز نے شرکت کی۔
گول میز کانفرنس کے اختتام پر حکومت پاکستان کے ’ڈیجیٹل پاکستان وژن‘ کے حوالے سے ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔