یوکرین کے فوجی پائلٹس اعلان کردہ لڑاکا طیاروں کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے پولینڈ پہنچ گئے ہیں، امریکی جریدہ

اب تک یوکرین کی 1325فوجی تنصیبات تباہ کی جا چکی ہیں ،روسی وزارت دفاع

یوکرین کا جنگ میں اب تک 5710روسی فوجیوں کی ہلاکت اور 200 کو جنگی قیدی بنانے کا دعوی

کیف (ویب ڈیسک)

روس کی یوکرین میں بدھ کو بھی بمباری جاری رہی اور یوکرین میں مرکزی ٹی وی کی عمارت پر روس کے میزائل حملے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے ،جبکہ روس کے خلاف یوکرین کی مدد کے لیے نیٹو میں شامل تین ممالک نے لڑاکا طیارے دینے کا اعلان کردیا ہے، تینوں ممالک مجموعی طور پر یوکرین کو 70 لڑاکا طیارے فراہم کریں گے۔ روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق یوکرین کی عملی مدد کا اعلان بلغاریہ، پولینڈ اور سلوواکیہ نے کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق فراہم کیے جانے والے طیارے پولینڈ میں تعینات ہوں گے اور وہیں سے احکامات ملنے پر یوکرین کے پائلٹس اڑان بھرا کریں گے اور اپنے اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔ امریکہ کے موقر جریدے پولیٹیکو کے مطابق یوکرین کے فوجی پائلٹس اعلان کردہ لڑاکا طیاروں کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے پولینڈ پہنچ گئے ہیں۔ اس حوالے سے یوکرین کی بحریہ نے بتایا ہے کہ اعلان کے تحت بلغاریہ 16 مگ 29 طیارے اور 14 ایس یو 25 طیارے فراہم کرے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولینڈ 28 مگ 29 طیارے جبکہ سلوواکیہ 12 مگ 29 طیارے فراہم کرے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی فوج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف میں مرکزی ٹی وی کے ٹاور پر میزائل حملہ کیا جس میں 5افراد ہلاک ہو گئے۔روسی وزارت دفاع کے مطابق اب تک یوکرین کی 1325فوجی تنصیبات تباہ کی جا چکی ہیں جبکہ یوکرین نے جنگ میں اب تک 5710روسی فوجیوں کی ہلاکت اور 200فوجیوں کو جنگی قیدی بنانے کا دعوی کیا ہے۔یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی فوج کے 29لڑاکا طیارے اور 29جنگی ہیلی کاپٹرز مار گرائے جا چکے ہیں جبکہ 198ٹینک، 846بکتر بند، 77توپیں اور 2جنگی بحری جہاز بھی تباہ کیے جا چکے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق اب تک 6لاکھ 80ہزار افراد یوکرین سے نکل چکے ہیں۔