آتشزدگی سے پلانٹ میں ریڈی ایشن کا لیول بڑھ گیا اگر پلانٹ پھٹ گیا تو چرنوبل سے 10 گنا بڑا واقعہ ہو سکتا ہے
کیف (ویب ڈیسک)
یورپ کے سب سے بڑے نیو کلیئر پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے نیوکلیئر پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی جو یورپ کا سب سے بڑا نیو کلیئر پاور پلانٹ ہے۔ روسی حملے کے بعد زیپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں آگ لگی۔ آتشزدگی سے نیوکلیئر پاور پلانٹ میں ریڈی ایشن کا لیول بڑھ گیا اور اگر پاور پلانٹ پھٹ گیا تو چرنوبل سے 10 گنا بڑا واقعہ ہو سکتا ہے۔اینرگودر کے میئر دمتری اورلوف نے بھی آگ لگنے کی تصدیق کی ہے۔ میئر نے کہا کہ یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی عمارتوں اور بلاکس پر دشمن کی بھاری گولہ باری کے نتیجے میں زاپوریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی ۔انہوں نے اسے عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں اسے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتا ہوں۔ زاپوریزیاپاور پلانٹ پر گولہ باری بند کرو۔
پاور پلانٹ میں آتشزدگی، یوکرینی صدر نے ویڈیو جاری کردی
یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی نے ملک کے ایک اہم جوہری پلانٹ میں روسی شیلنگ کے نتیجے میں آتشزدگی کی ویڈیو انسٹاگرام پر جاری کردی۔ یوکرین کے صدر ولادومیر زیلنسکی نے کہا کہ کہ روس کے علاوہ کسی بھی ملک نے کبھی جوہری توانائی کے یونٹوں پر گولہ باری نہیں کی ہے۔یورپ کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملے نے اس خدشات کو جنم دیا ہے کہ تباہ شدہ پاور اسٹیشن سے تابکاری کا اخراج ہو سکتا ہے۔زیلنسکی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ روس کے علاوہ کسی بھی ملک نے کبھی جوہری توانائی کے یونٹس پر گولہ باری نہیں کی، یہ ہماری تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے، دہشت گرد ریاست نے اب جوہری دہشت گردی کا سہارا لیا۔دوسری جانب شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ شیلنگ سے ملک کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کی عمارت میں آگ لگ گئی ہے، پلانٹ خطرات کا شکار ہوگیا ۔یوکرینی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ جوہری پلانٹ میں دھماکا ہوا تو چرنوبل سے10 گنا زیادہ تباہی ہوگی ۔