روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جرمن چانسلر اولاف شولز سے ٹیلیفونک رابطہ
نیٹواتحاد روس کے سامنے بھیگی بلی بن گیا، یوکرینی وزیرخارجہ
یوکرینی صدر پولش سرحد کے قریب منتقل.. روس اور یوکرین میں مذاکرات کا تیسرا دور آج (پیر کو)ہو گا
کیف (ویب نیوز)
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی پولش بارڈر کے قریب منتقل ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی دارلحکومت کیف سے پولش سرحد کے قریبی شہر لاوف منتقل ہوئے ۔یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کے مشیر نے ایک بیان کے ذریعے اپیل کی ہے کہ یوکرین کو فوری طور پر فوجی امداد چاہئے۔دوسری جانب مشرقی یوکرین میں روسی افواج نے کئی بڑے شہروں پر قبضہ کر لیا ہے اور کیف کا گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے روس کے خلاف یوکرینی جنگجوئوں کو مسلح کرنے کا عمل دسمبر سے جاری ہے۔
روس اور یوکرین میں مذاکرات کا تیسرا دور آج (پیر کو) ہو گا،مذاکرات کے دوسرے دور میں شہریوں کے انخلا کے لیے راہداریوں کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جرمن چانسلر اولاف شولز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور کہا کہ روس یوکرین کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے اور امید ہے کیف معقول اور تعمیری موقف اپنائے گا۔ واضح رہے کہ روس یوکرین مذاکرات کے دوسرے دور میں شہریوں کے انخلا کے لیے راہداریوں کے قیام پر اتفاق ہوا تھا۔
یوکرینی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ نیٹواتحاد روس کے سامنے بھیگی بلی بن گیا۔یوکرین کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ نیٹو روس کے دبا کے سامنے جھک گیا ہے اور اس نے نو فلائی زون نافذ کرنے سے انکار کردیا ہے۔یوکرینی ٹیلی ویژن پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیٹو وہ طاقت ثابت نہیں ہوئی جس کا یوکرینیوں نے پہلے تصور کیا تھا۔ا نہوں نے کہاکہ وہ روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ بات چیت کو تیار ہیں۔ لیکن صرف اس صورت میں جب اس طرح کے مذاکرات بامعنی ہوں۔