اتحادیوں کی طرح اپوزیشن سے بھی مذاکرات ہونے چاہئیں شیخ رشید احمد
اسلام آباد(ویب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے وقت سے پہلے انتخابات کے معاملے پر حزب اختلاف کو حکومت کے ساتھ بات چیت کی دعوت دی ہے۔، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اتحادیوں کی طرح اپوزیشن سے بھی مذاکرات ہونے چاہئیں۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے اپوزیشن کو قبل از وقت انتخابات کے معاملے پر مذاکرات کی دعوت دی اور کہا کہ بات چیت ہونی چاہیے، حالات ہی ایسے ہیں۔شیخ رشید نے کہاکہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن میں شامل جماعتوں سے بھی مذاکرات ہونے چاہئیں، یہ وقت مل بیٹھ کر بات کرنے اور مسائل حل کرنے کا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے نے ایک نجی ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید نے اس سے قبل بھی ایک پروگرام میں کہا تھا کہ جو انتخابات 5 سال بعد ہونے ہیں وہ ایک سال یا 6 مہینے پہلے بھی ہوسکتے ہیں اور اگر ایسا ہو بھی جاتا ہے تو کون سی قیامت آ جائے گی؟ آئیں ہم مل کر بات چیت کرتے ہیں۔