ٹی پی ایل ٹریکر اور ٹیلی نار پاکستان نے رابطہ سازی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لیے باہمی معاہد کرلیا
کراچی (ویب نیوز )
پاکستان کی اہم ترین IoT سلوشنز کمپنی،ٹی پی ایل ٹریکر نے پاکستان میں مقامی رابطہ سازی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لیے جدید فن مہار ت کی IoTسہولیات اور خدمات فراہم کرنے کی غرض سے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ معاہد ہ کرلیا ہے۔
صارفین کو بنا تاخیر اور پریشانی کے روابط کی خدمات دینے کے لیے پاکستان کا ڈیٹا اور ٹیلی کمیونیکیشنز انفرااسٹرکچر تیزی سے تبدیل ہورہا ہے۔گزشتہ سال کے آخر تک، پاکستان کے ٹیلی کام کے شعبہ میں 189 ملین سیلولر صارفین، 108 ملین 3G/4G صارفین،اور 110 ملین براڈ بینڈ صارفین کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔پی ٹی اے کے مطابق،ٹیلی نار پاکستان 26% سے زیادہ مارکیٹ شیئر کا حامل ہونے کے ساتھ اس شعبہ کا دوسرا بڑاادارہ ہے۔
ٹی پی ایل ٹریکر دو دہائیوں سے مارکیٹ پر اپنی سبقت برقرار رکھتے ہوئے نہ صرف 42% مارکیٹ شیئر کا حامل ہے بلکہ ضرورت کے مطابق IoT سلوشنز کو فعال انداز میں فروغ دینے اور صارفین کو اہم کاروباری معاملات کا شعور دینے کے لیے مشین لرننگ اور بڑے پیمانے پر ڈیٹا کے تجزیات کے ذریعے ملک بھر میں سب سے بڑی آپریشنل کوریج کا حامل ہے۔
ٹی پی ایل ٹریکر،IoT سروسز پر مبنی اپنے جدید ایکو سسٹم کے ساتھIoT سروسز کی ایک وسیع رینج کی پیشکش کرنے کے لیے ٹیلی نار پاکستان کے ساتھ معاہدہ کرے گا۔ ترقی یافتہIoTٹیکنالوجی پر مبنی سروسز کے ایکو سسٹم کے ذریعے ٹی پی ایل ٹریکر تجزیہ سازی، جنریٹر سیٹ، فیول مانیٹرنگ اور واٹر مینجمنٹ کے حل پر مرکوز سہولیات ٹیلی نار پاکستان کو فراہم کرے گا۔کسٹمرزعملی کارکردگی کو بہتر بنانے، وسائل کے بہترین استعمال نیز آنے والی لاگت کی اصلاح کے لیے بہترین مشاہدات اور قابل عمل ڈیٹا(کوائف) کو جمع کرکے ان IoT سروسز سے فائدہ اٹھائیں گے۔
علمی بنیاد پرمبنی معیشت اور مستحکم ترقی کے لیے ایک مضبوط ICTانفرااسٹرکچرکا ہونا اشد ضروری ہے۔دونوں اداروں کے مابین ہونے والا یہ معاہدہ، پاکستان میں ICT سروسز کے بنیادی ڈھانچے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل کے طور پر کام کرے گا۔
ان ترقیاتی امور پر ٹی پی ایل ٹریکرکے سی ای او۔ سرور علی خان نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ،”پاکستان ڈیجیٹلائیزیشن کے عروج کی طرف گامزن ہے اورکاروباری امور کی بہتر انداز میں انجام دہی کے لیے تیکنیکی جدت لازم و ملزوم ہوتی جارہی ہے۔جی پی ایس اور IoT سروسز میں مارکیٹ لیڈر ہونے کی حیثیت سے، ٹی پی ایل ٹریکر،ٹیلی نار پاکستان کے رابطہ سازی کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی لانے کے مشن کی تکمیل میں اہم ترین خدمات کی فراہمی میں صف اول ہے”۔
اس موقع پر موجود ٹیلی نار پاکستان کے چیف بزنس آفیسر، عمر بن طارق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ،IoT” کے شعبہ کار میں پیش رفت کے لیے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے جس عمل کا آغاز ہوا تھا، وہ اب اعتماد اوربھروسے پر مبنی ایک مضبوط تعلق میں تبدیل ہوگیا ہے۔ٹی پی ایل ٹریکر کے غیر معمولی تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہماری ٹیمیں صارفین کے مسائل کو IoT کی جدت سے حل کرنے کے لیے اور سروسز کو وسعت دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔”
ٹی پی ایل ٹریکر، پاکستان میں ٹریکنگ، ڈیجیٹل میپنگ اور IoT سروسز فراہم کرنے والا سب سے اہم اور صف اول کا ادارہ ہے، جو ٹیلی کام شعبہ جات سمیت مرکزی دھارے میں شامل متعدد کاروباری امور کو بااختیار بنارہا ہے۔