وزیراعظم پنجاب میں وزیراعلی تبدیل کرنے کیلئے تیار ،ق لیگ نے علیم خان کا نام مسترد کر دیا
ق لیگ نے پی ٹی آئی رہنمائوںکو جواب دیا علیم خان سے بہتر ہے عثمان بزدار وزیراعلیٰ رہیں
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان پنجاب میں وزیراعلی تبدیل کرنے کیلئے تیار ہوگئے تاہم مسلم لیگ(ق)نے پنجاب میں وزیر اعلیٰ کیلئے علیم خان کا نام مسترد کر دیا۔ پنجاب میں ایسی تبدیلی سے بہتر ہے عثمان بزدار کو ہی رہنے دیا جائے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان پنجاب میں وزیراعلی تبدیل کرنے کیلئے تیار ہوگئے جبکہ پی ٹی آئی کے تین سینئر رہنمائوں نے مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کی جس میں پنجاب میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی صورت میں نئی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے علیم خان کا نام تجویز کیا گیا تاہم مسلم لیگ(ق)کے دونوں سینئر رہنمائوں نے علیم خان کا نام بطور وزیراعلیٰ مسترد کردیا۔ ق لیگ کے دونوں رہنمائوں نے جواب دیا علیم خان سے بہتر ہے عثمان بزدار وزیراعلی رہیں۔ پنجاب مسلم لیگ ق کا میدان سیاست ہے، یہاں کے معاملات میں بطور اتحادی ہماری رائے ضروری ہے۔ علیم خان کو تبدیلی کی صورت میں آگے لانے پر اتحاد اور خود تحریک انصاف کے معاملات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔