• ”میرا پیارا”ایپ پر سپیشل بچے یا فرد کو بھی گمشدگی کے خدشے کے پیش نظر رجسٹرڈ کیاجاسکے گا ، گمشدہ اور باز یاب بچے یا فرد کی رپورٹ بھی کی جاسکے گی
  • گمشدہ اور باز یاب بچوں کی تلاش ممکن ہو گی،ناخواندہ لوگ پولیس فرنٹ ڈیسک، تحفظ مرکز اور پولیس خدمت مرکز پر بھی رپورٹ کراسکتے ہیں
  • پنجاب میں 2629گمشدہ بچے رجسٹرڈہیں،259بچے باز یاب،25گمشدہ بچوں کو کامیابی کے ساتھ خاندان سے ملا دیا گیا

لاہور (ویب نیوز)

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ”میرا پیارا” ایپ پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔ محسن نقوی کی ہدایت پر ”میرا پیارا”ایپ کے لئے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے ”میرا پیارا”ایپ کو فوری طورپر لانچ کرنے کے لئے ا قدامات کاحکم دیا اور ہدایت کی کہ’ ‘میرا پیارا”ایپ کو فول پروف اورممکنہ حد تک مستند بنا یا جائے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ”میرا پیارا”ایپ پر سپیشل بچے یا فرد کو بھی گمشدگی کے خدشے کے پیش نظر رجسٹرڈ کیاجاسکے گا ۔ ”میرا پیارا”ایپ پر گمشدہ اور باز یاب بچے یا فرد کی رپورٹ بھی کی جاسکے گی اور گمشدہ اور باز یاب بچوں کی تلاش ممکن ہوسکے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں 2629گمشدہ بچے رجسٹرڈہیں جبکہ259بچے باز یاب ہوچکے ہیں اور 25گمشدہ بچوں کو کامیابی کے ساتھ خاندان سے ملا دیا گیا ہے۔ ”میرا پیارا”ایپ پر شہری بھی بچے کی گمشد گی کی رپورٹ کرسکیں گے ۔ناخواندہ لوگ پولیس فرنٹ ڈیسک، تحفظ مرکز اور پولیس خدمت مرکز پر بھی رپورٹ کراسکتے ہیں۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور شیلٹر ہومز پر ”میرا پیارا”ایپ کے ذریعے تلاش او رباز یابی کی رپورٹ ممکن ہوگی ۔گمشدہ بچوں یا افراد کی تصویر، رنگ و نسل اور فنگر پرنٹس کے ذریعے فیملی سے ملایا جاسکے گا ۔آخری مرحلے میں گمشدہ بچوں وافراد کے والدین او رباز یاب بچوں و افراد کے والدین کا ڈی این اے ہوگا۔ صوبائی وزراء عامر میر،ڈاکٹر جمال ناصر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی، ڈی آئی جی آپریشنز،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، چیف ٹریفک آفیسر، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی