ابھی تک بانی پی ٹی آئی کیلئے امریکہ سے کوئی فون کال نہیں آئی، محسن نقوی
مذاکرات سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں
شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹ مافیا کیخلاف سخت کریک ڈائون ہونے والا ہے،میڈیا سے گفتگو
لاہور ( ویب نیوز)
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ابھی تک بانی پی ٹی آئی کیلئے امریکہ سے کوئی فون کال نہیں آئی، مذاکرات سے متعلق بانی پی ٹی آئی سے پوچھیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی سے درخواست کریں گے کہ 8فروری کوجلسہ نہ کریں۔شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹ مافیا کے خلاف حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور بہت جلد ان کے خلاف سخت کریک ڈائون ہونے والا ہے۔ لاہور کے نادرا سینٹر میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا شملہ پہاڑی پر نادرا آفس میں آج سے کچھ ماہ قبل تک بہت رش تھا، لیکن اب وہاں معاملات بہت بہتر ہوگئے ہیں، تاہم یہ والا سینٹر مثالی اور ماڈل ہے، یہاں جتنے منظم طریقے سے کام ہوتا ہے، میری خواہش ہے نادرا کے باقی مراکز میں بھی ایسا ہی کام ہو۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ نادرا کے مراکز کو منظم بنانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا سینٹرز اور پاسپورٹ آفس مل کر عوام کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بروقت پاسپورٹ کی ترسیل کا نظام بہتر کرنے کا واحد حل پاسپورٹ اتھارٹی کا قیام ہے، جس پر وزیر اعظم سے بات بھی کرلی ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اب پاسپورٹ دفاتر یا نادرا کے کام میں کسی بھی قسم کی کوئی تاخیر نہیں ہو رہی۔ کسٹم اور ایف آئی اے کی جانب سے تنگ کرنے اور ایجنٹ مافیا کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے بعد ایف آئی اے میں بہت بڑی تبدیلی لانے والے ہیں۔ کشتی حادثات کا حوالہ دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ امیگریشن کائونٹرز پر ہمیں سختی کرنی پڑ رہی ہے، کیونکہ کچھ لوگ غیر قانونی طریقوں سے کشتیوں کے ذریعے یورپ اور دیگر براعظموں میں جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے جائز طریقے سے دوسرے ممالک کا سفر کرنے والوں کی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لوگوں کے مسائل کا احساس ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ جائز طریقے سے جانے والوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ گجرات اور فیصل آباد ڈویژن سے سب سے زیادہ لوگ غیر قانونی طور پر سفر کی کوشش کر رہے ہیں، اسی ضمن میں ایف آئی اے میں بھی نمایاں تبدیلیاں ہونے والی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جب پاکستانی قانونی طور پر بیرون ملک جاتے ہیں تو ہمیں خوشی ہوتی ہے، لیکن غیر قانونی طور پر جانے والوں اور ملک کی بدنامی کا سبب بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بات کا دعوی نہیں کر سکتا کہ ایجنٹ مافیا کا سرے سے خاتمہ ہوجائے گا، تاہم حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور بہت جلد ان کے خلاف سخت کریک ڈاون ہونے والا ہے۔حالیہ دورہ امریکہ پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بہت جلد اس کے اچھے اثرات سامنے آئیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کا امریکی حکومت سے اچھا تعلق ہے، آپ بہت جلد اس کے نتائج دیکھیں گے، دورے پر ان کی امریکی کانگریس مین اور سینیٹرز سے بھی ملاقات ہوئی، جس کے نتائج مستقبل میں نظر آئیں گے۔ لاہور میں چیمپئنز ٹرافی کے میچ کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی احتجاج کی کال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی نے ایسی ہی تاریخیں طے کی تھیں، سوشل میڈیا پرچلنے والی خبروں میں حقائق نہیں ہوتے۔ پہلے کی طرح ہم ان سے درخواست کریں گے کہ ایسا نہ کریں، بصورت دیگر وہ معنی خیز ورنہ کہہ کر مسکرا دیئے۔