سعودی عرب کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی عالمی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کا صدر منتخب

دی ہیگ(ویب  نیوز) کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی عالمی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کی ایگزیکٹو کونسل نے اپنا 99 واں اجلاس منعقد کیا گیا۔آرگنائزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنز ( او پی سی ڈبلیو) میں پاکستان کے مستقل نمائندے اور ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر سلجوک مستنصر تارڑ نے پاکستان کی نمائندگی کی اور کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے نائیجیریا کے سفیر اینیولا اولیتن اجے کو ایگزیکٹو کونسل کے کامیاب اختتام پر 99 ویں اجلاس کی سربراہی پر مبارکباد دی۔اجلاس کے دوران بدھ کے روز سعودی عرب کو 2022-2023 کے لیے کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کی صدارت کے لیے منتخب کیا گیا جس پر پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے انہیں مبارکباد دی اور پاکستان کے وفد کے تعاون کا اعلان کیا۔ کونسل کی سربراہی نیدرلینڈز میں سعودی سفیر اور او پی سی ڈبلیو میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے زیاد بن ماشی العطیہ کریں گے۔گزشتہ برس پاکستان کو 2022-2024 کی مدت کے لیے آرگنائزیشن فار دی پروہیبیشن آف کیمیکل ویپنز کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے دوبارہ منتخب کیا گیا تھا۔ ایگزیکٹو کونسل کا 100 واں اجلاس اب جولائی میں شیڈول ہے۔ایگزیکٹیو کونسل ہیگ میں قائم او پی سی ڈبلیو کا بنیادی پالیسی ساز ادارہ ہے، جو کنونشن کے مثر نفاذ اور اس کی تعمیل کی نگرانی کا ذمہ دار ہے۔ کیمیاوی ہتھیاروں کی ترقی، پیداوار اور ذخیرہ اندوزی اور ان کی تباہی پر کنونشن (CWC)  193 ریاستوں کے فریقوں کے ساتھ تخفیف اسلحہ کا سب سے کامیاب معاہدہ ہے، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو ختم کیا ہے۔کونسل عالمی تنظیم برائے ممانعت کیمیائی ہتھیار او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹو باڈی ہے جو کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن کے مثر نفاذ اور تعمیل کو فروغ دینے کے لیے کام کرتی ہے۔ایگزیکٹو کونسل او پی سی ڈبلیو کے 41 رکن ممالک پر مشتمل ہے جو ریاستی نمائندوں کی کانفرنس کے ذریعے دو سال کے لیے منتخب ہوتے ہیں۔یہ باڈی تنظیم کے تکنیکی سیکرٹریٹ کی سرگرمیوں کی بھی نگرانی کرتی ہے اور تنظیم کے مسودہ بجٹ، مسودہ رپورٹ، اور کنونشن میں ریاستی جماعتوں کی کانفرنس میں جمع کرائی جانے والی خصوصی رپورٹس پر غور کرتی ہے۔