آگ پر قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے،ڈی سی لاہورعمر شیر چیمہ
پلازے کا سکیورٹی انچارج گرفتار ،وزیر اعلیٰ پنجاب کا واقعہ کی انکوائری کا حکم
لاہور (ویب ڈیسک)
لاہور کے علاقے گلبرگ میںشاپنگ پیس پلازہ میںلگی آگ پرقابو پا لیا گیا ، تاجروں اور دوکانداروں کاکروڑوں کا نقصان ہوگیا ،واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ریسکیوحکام کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں پیس شاپنگ پلازہ میں لگنے والی خطر ناک آگ پر 6 گھنٹے بعد جزوی طورپر قابو پالیا گیا جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری رہا۔واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آگ کے باعث تاجروں اور دکانداروں کا کروڑوں کا نقصان ہو گیا ، آگ سے چار منزلہ عمارت مکمل تباہ ہوگئی، 400 سے زائد دکانیں اور بے شمار کا ئونٹرز جل کر خاکستر ہوگئے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق آگ بجھانے کی کوششوں میں فائربریگیڈ کی 25 گاڑیوں اور 60 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔ ترجمان نے کہا کہ فائر آپریشن میں سنارکل اور ایریل پلیٹ فارم سپیشل فائر وہیکل بھی موجود تھیں جبکہ قریبی اضلاع سے بھی ریسکیو کی ٹیمیں منگوائی گئی تھیں۔فائر آفیسر عمران رامے نے کہا کہ پہلے فلور پر لگنے والی آگ نے دوسرے اور تیسرے فلور کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔حکام نے کہاکہ پلازا میں 400 سے زائد دکانیں قائم تھیں، جن میں زیادہ تر دکانیں موبائل فونز،الیکٹرانکس اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی تھیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چیمہ نے کہا کہ پلازے میں آگ پر قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے، خطرناک آگ کو بجھانے کے لیے میں نے خود آپریشن کی نگرانی کی۔۔ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے پر پلازے کے سکیورٹی انچارج کو گرفتار کرلیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گلبرگ کے پلازہ میں آتشزدگی کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا اور کہا کہ آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔