وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا جرمن وزیر خارجہ کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ
دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال
اسلا م آباد(ویب نیوز)
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا جرمنی کی وزیر خارجہ محترمہ انالینا بیئربوک کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ،دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پرمخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، جرمنی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان، باہمی فائدے کے تمام شعبوں میں جرمنی کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے، وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اپریل میں جرمن وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے جرمن ہم منصب کو پاکستان کے نقطہ نظر اور تشویش سے آگاہ کیا،وزیر خارجہ نے، جرمن ہم منصب کو وزیر اعظم عمران خان کی یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل کے ساتھ ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو اور یوکرین، پولینڈ، رومانیہ، ہنگری روس اور یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل، کے ساتھ ہونیوالے، اپنے ٹیلیفونک رابطوں سے آگاہ کیا،پاکستان کی جانب سے، ان رابطوں میں انسانی ہمدردی کی راہداریوں کے قیام اور دیکھ بھال، انسانی معاونت کی فراہمی اور بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا،وزیر خارجہ نے 9 مارچ 2022 کو ہندوستان کی جانب سے میزائل کے ذریعے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور خطے کو درپیش شدید خطرات سے آگاہ کیا،، مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہندوستان کی جانب سے اس میزائل کو "حادثاتی” فائر قرار دینا اور غلطی تسلیم کرنا، ناکافی ہے،وزیر خارجہ نے اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سنگین نوعیت کے واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لے،دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی تناظر میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔