اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان نے کرتار پور صاحب کے محل وقوع اور تقسیم کے حوالے سے بھارتی وزیر داخلہ کے بے بنیاد اور بلا جواز بیان کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔ایک بیان میں دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان بی جے پی کی قیادت کی طرف سے پاکستان کو اپنے اندرونی معاملات میں گھسیٹنے کی بڑھتی ہوئی کوششوں کیخلاف بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتاہے۔ترجمان نے کہا کہ بی جے پی حکومت اور اس کی نظریاتی پٹھو جماعت آر ایس ایس کی جانب سے تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا وطیرہ بن گیا ہے اور یہ اقدام قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی کئی ریاستوں میں انتخابات کے تناظر میں پچھلے کئی مہینوں سے بھارتی قیادت کی طرف سے ایسی مکارانہ سوچ کا مسلسل اظہار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی گھٹیا ذہنیت تاریخی حقائق کو تبدیل کرسکتی ہے اور نہ ہی طے شدہ حقیقت کو بدل سکتی ہے۔