برسلز (ویب ڈیسک)
نیٹو کے چیف سٹولن برگ نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین پر حملہ نیٹو اور روس کے درمیان ایٹمی جنگ کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولن برگ نے بیان میں کہا ہے کہ روس ایٹمی ہتھیاروں کی دھمکیاں دینے سے باز رہے۔ یوکرین پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا تو جنگ کی نوعیت بدل جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ نیٹو یوکرین کی حمایت کرتاہے لیکن جنگ کا حصہ نہیں۔اس جنگ کو یوکرین تک محدود رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ا نہوں نے کہا کہ اگرچہ نیٹو یوکرین جنگ کا حصہ نہیں ہے تاہم کسی بھی وقت اتحادیوں کی حفاظت اور دفاع کے لیے نیٹو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی جنگ میں جیت کسی کی بھی نہیں ہوتی۔ روس بھی کبھی بھی ایٹمی جنگ نہیں جیت سکتا۔ نیٹو تنازع کا حصہ نہیں ہے تاہم وہ یوکرین کو مدد فراہم کرتا رہے گا۔نیٹو چیف نے روس کی حمایت کرنے پر چین اور بیلاروس پر بھی تنقید کی انہوں نے کہا ہے کہ امید کرتاہوں کہ نیٹو ممالک چین کو اس کی ذمہ داریاں یاد دلائیں گے۔