صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے۔
جمہوری معاشرے میں عوام کے پاس جائیں، الیکشن ہوں، عوام فیصلہ کرے وہ کسے چاہتے ہیں،عمران خان
تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر قوم کو مبارکباد، سازش قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی
آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے، فواد چودھری
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی جس کے بعد وفاقی کابینہ تحلیل ہوگئی۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو آئین سے انحراف قرار دیتے ہوئے مسترد قرار دیا گیا۔تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد قوم سے مختصر خطاب میں عمران خان نے سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے، قوم اگلے الیکشن کی تیاری کرے۔اب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے۔ وفاقی وزیر فرخ حبیب نے کہا کہ نئے انتخابات 90 دن میں ہوں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کابینہ تحلیل کر دی گئی ہے اور آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت وزیر اعظم اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ اسمبلیاں تحلیل کر دی گئی ہیں۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ اب الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن ہوں گے اور سمندر پار پاکستانی بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے کیونکہ قومی اسمبلی اس قانون کو منظور کر چکی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ انہوں نے صدر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی۔قوم سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر قوم کو مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس طرح کی سازش قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی، اسپیکر نے اپنی اتھارٹی اور آئینی طاقت سے جو فیصلہ کیا اس کے بعد میں نے ابھی سے صدر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں عوام کے پاس جائیں، الیکشن ہوں، عوام فیصلہ کرے وہ کسے چاہتے ہیں، کوئی باہر سے سازش، کرپٹ لوگ، پیسہ دے کر قوم کا فیصلہ نہ کریں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنہوں نے اچکنیں سلوائیں اور لوگوں کو کروڑوں روپے دیے تو وہ پیسہ ضائع ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی باہر سے یا کرپشن کا پیسہ اس ملک کا فیصلہ نہیں کریگا، جیسے ہی صدر اسمبلیاں تحلیل کریں گے تو نگراں حکومت کا عمل شروع ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں ملک سے بہت بڑی سازش کی جارہی تھی، 22کروڑ قوم کی حکومت کو گرانے کی کوشش کی گئی وہ سازش فیل ہوگئی، اس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔