کراچی(ویب نیوز)
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر رضا باقر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر روشن ڈیجیٹل اکائونٹس ختم کرنے کی اور ایک سے دو ارب ڈالر نکلوانے کی خبریں غلط ہیں۔ رضا باقر نے اوور سیز پاکستانیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال میں روشن ڈیجیٹل اکاونٹس میں 4 ارب ڈالر جمع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 4لاکھ پاکستانیوں نے 175 ممالک میں روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کھولے ہیں رواں مارچ روشن ڈیجیٹل میں کسی ایک ماہ میں ریکارڈ 29 کروڑ ڈالر جمع کرائے گئے، روشن ڈیجیٹل اکائونٹس بینکوں کے ساتھ شروع کی گئی اسٹیٹ بینک کی کوشش ہے۔انہوں نے کہاکہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں بینکاری سہولت فراہم کرنا ہے، اور یہ سہولت مزید بینک بھی مہیا کریں گے۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعے ہیلتھ اور لائف انشورنس کی سہولت فراہم ہوں گی۔رضا باقر نے روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے ذریعے جڑے رہنے کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔