سکاربورو مسلم ایسوسی ایشن کا افسوسناک واقعہ پر اظہار تشویش،کینیڈا کے حکام پر ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ
ٹورنٹو (ویب نیوز)
کینیڈا کے شہر ٹورونٹو میں واقع ایک مسجد پر علی الصبح ہونے والی فائرنگ کے واقعہ میں 5نمازی زخمی ہو گئے۔ٹورنٹو پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ڈیوڈ رائزک نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ سویرے ڈسٹرکٹ سکاربورو میں پیش آیا جہاں شرپسندوں کے ایک کار سوار گروہ نے مسجد کے پاس سے گزرتے ہوئے وہاں فجر کی نماز ادا کرنے والے نمازیوں پر فائرنگ کر دی۔پولیس ترجمان کے مطابق نمازیوں پر 6گولیاں چلائی گئیں تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حملے میں کتنے ملزمان ملوث تھے۔ ابھی یہ کہنا بھی مشکل ہے کہ آیا نمازیوں پر حملہ ان کے مذہبی عقائد کی وجہ سے کیا گیا یا نہیں۔دوسری جانب سکاربورو مسلم ایسوسی ایشن نے افسوسناک واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کینیڈا کے حکام پر ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور گن وائلینس کے واقعات پر موثر طور پر قابو پانے پر زور دیا ہے۔