لاہور (ویب نیوز)
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے عمرہ پر جانے کے لئے پاسپورٹ واپس کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت آج (منگل)تک ملتوی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے ای سی ایل رولز میں تبدیلی کے حوالہ سے جواب طلب کر لیا جبکہ عدالت نے نیب کو بھی نوٹس جاری کردیا ۔ مریم نواز شریف کی جانب سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد احسن بھون ایڈووکیٹ بطور وکیل اور نیب کے وکیل فیصل بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے مریم نواز شریف کی چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی کی سماعت کے حوالہ سے نیب وکیل سے سول کیا تو نیب وکیل نے بتایا کہ نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کی ضمانت کو چیلنج کررکھا ہے اور ہائی کورٹ میں یہ اپیل ابھی تک زیر التوا ہے۔ اس پر جسٹس علی باقر نجفی نے نیب وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ضمانت کے خلاف اپیل پر سماعت بھی نہیں چاہتے ۔ اس پر نیب وکیل کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں مگر ابھی تک سماعت مقرر نہیں ہوئی۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت نے ای سی ایل سے متعلق رولز کو تبدیل کیا ہے ۔ اس پر عدالت نے وفاقی حکومت سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ا نہیں بھی میڈیا کے زریعہ سے ہی پتا چلا ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے ای سی ایل رولز کے حوالہ سے جواب طلب کر لیا ہے ۔ جبکہ عدالت نے نیب کو بھی منگل کے لئے نوٹس جاری کردیا ہے۔