حج پالیسی کو حتمی شکل نہ دیے جانے کی وجہ سے عازمین حج میں تشویش اور اضطراب پا یا جا تا ہے

اسلام آ باد (ویب نیوز)

نئی حکومت کے لیے حج 2022کے انتظامات کرنا ایک چیلنج بن گیا۔حج 2022میں صرف ڈھائی ماہ رہ گئے لیکن ابھی تک وزارت مذہبی امور حج پالیسی کا ڈرافٹ تیار نہیں کرسکی، اخراجات کا تعین بھی نہ ہوسکا جبکہ کوٹہ تقسیم کافار مو لا بھی طے نہیں کیا جاسکا ۔حج پالیسی کو حتمی شکل نہ دیے جانے کی وجہ سے عازمین حج میں تشویش اور اضطراب پا یا جا تا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت نے حج پالیسی کا اعلان کر دیا ہے اور اعلان کے مطابق سعودی عرب نے پوری دنیا کے لیے 10لاکھ کا حج کوٹہ مقرر کیا ہے جس میں سے پاکستان کو 81132افراد کا حج کوٹہ دیا گیا ہے۔حج 9جولائی کو متوقع ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ابھی تک حج فا رمولیشن کمیٹی نے حج پالیسی کے ڈرافٹ کی منظوری نہیں دی جس کی حتمی منظوری کابینہ دیتی ہے، حج اخراجات کا تعین بھی نہیں کیا گیا جبکہ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا کہ حج سرکاری اسکیم کے تحت ہوگا یا پرائیویٹ اسکیم کے تحت یا کوٹہ دونوں میں تقسیم ہوگا۔