تکنیکی وجوہات کی بنا پر بند پاور پلانٹس بھی بدستور بجلی کی پیداوار سے قاصر ہیں

نندی پور پاور پلانٹ، مظفرگڑھ اٹلس ٹی پی ایس جامشورو اور متعدد پاور پلانٹس بند ہیں

اسلام آباد (ویب نیوز)

ملک میں توانائی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے اور شارٹ فال ایک بار پھر 7 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرچکا ہے۔ ذرائع پاورڈویژن نے بتایا ہے کہ بجلی گھروں کو ایل این جی اور فرنس آئل کی مطلوبہ فراہمی تاحال نہیں ہوسکی اور تکنیکی وجوہات کی بنا پر بند پاور پلانٹس بھی بدستور بجلی کی پیداوار سے قاصر ہیں، جبکہ نندی پور پاور پلانٹ، مظفرگڑھ اٹلس ٹی پی ایس جامشورو اور متعدد پاور پلانٹس بند ہیں۔ذرائع پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7ہزار468 میگاواٹ ہوچکا ہے، بجلی کی مجموعی پیداوار 18ہزار 31اور طلب 25ہزار 500میگاواٹ ہے، جبکہ بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36ہزار 16میگاواٹ ہے۔ذرائع پاورڈویژن نے بتایا کہ پن بجلی ذرائع سے 3ہزار 674میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس صرف 786میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 9ہزار 526میگاواٹ ہے، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار9 ہزار526 میگاواٹ ہے، ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس 487 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، سولر پاور پلانٹس سے 104 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، بگاس سے 141 اور ایٹمی بجلی گھر 3ہزار 312میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ ذرائع پاورڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 10 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، ہائی لاسز والے علاقوں میں 18گھنٹے تک بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔