مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی عرب کے تہہ دل سے مشکور ہیں ،وزیر اعظم کا سعودی عرب کے دورہ پر روانگی سے قبل ویڈیو پیغام
اسلام آباد (ویب نیوز)
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ، پاکستان اورسعودی عرب گہرے اور پائیدار برادرانہ رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں،مشکل کی ہرگھڑی میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی عرب کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ وزارت عظمی کے منصب کا حلف اٹھانے کے بعد سعودی عرب کا پہلا دورہ سعودی عرب کی اس تاریخی تزویراتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے،جو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کو دیتا ہے،جمعرات کو دورہ سعودی عرب پر روانگی سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد میں بطور وزیراعظم پہلا دورہ سعودی عرب کا کررہا ہوں، یہ دورہ اس تاریخی تزویراتی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے جو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات کو دیتا ہیجن کی بنیادیں مضبوط باہمی اعتماد اور باہمی تعاون پر استوار ہیں،میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے بخوشی اس دورے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب گہرے اور پائیدار برادرانہ رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں جن کی مضبوط بنیادیں باہمی اعتماد اور باہمی تعاون پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ہم مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی عرب کے تہہ دل سے مشکور ہیں،پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کا ساتھ دیا اور آئندہ بھی ہر موقع پر اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی دانشمندانہ قیادت نے برادر سعودی عوام کی زیادہ سے زیادہ ترقی اور خوشحالی کے لئے جانفشانی سے کام کیا یے،ہمیں فخر ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے فریم ورک کے تحت سعودی عرب میں ہونے والیقابل ذکر ترقی پر فخر ہے،جو کہ تبدیلی کا ایک اقدام ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی جانب سے مسلم امہ کی قیادت اور امہ کے مسائل کے حل کے حوالے سے ان کی گہری وابستگی کے معترف ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں سعودی قیادت کے ساتھ اپنی بات چیت کا منتظر ہوں کہ ہم اپنے ہمہ جہت دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیں،اور ان خصوصی تعلقات کو لامتناعی بلندیوں تک کے جائیں۔انہوں نے کہا کہ میں مملکت سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہوں گا،جنہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ہمیشہ بہت اہم کردارادا کیاہے۔وہ پاکستان سعودی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی شراکت دار ہیں۔