میری جان کو خطرہ، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، شیخ رشید کا الزام
مجھے اور عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد لوگوں کا سیلاب آئے گا،پریس کانفرنس
اسلام آباد (ویب نیوز)
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میری جان کو خطرہ، یہ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، تھانہ کوہسار میں 7 افراد کے نام لکھ کر دے دیئے، مجھے کچھ ہو جائے تو ان افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مجھے اور عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد لوگوں کا سیلاب آئے گا، مئی کا مہینہ خوفناک ہے، پنجاب میں رانا ثنا کے ذریعے گند ڈالا جائے گا، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، ایک نہیں دوسرا اور تیسرا بھتیجا بھی لے جاو۔انہوں نے مزید کہا کہ نون لیگ نے آتے ہی 300 لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالے، رانا ثنا اجرتی قاتل ہے، عابد شیر علی کے والد کہتے ہیں رانا ثنا نے 18 قتل کئے ہیں، یہ مجھے بھی قتل کرنا چاہتے ہیں، میری جان کو خطرہ ہے، تھانہ سیکرٹریٹ میں 7 لوگوں کے نام لکھ کر دے دیئے، ملک کے خلاف سازش کی جا رہی ہے، ملک کے اہم لوگوں کو درخواست دے دی، جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی میرا زیور ہے، ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کروا رہا۔شیخ رشید نے کہا کہ ان کے خلاف نعرے روضہ رسول ۖ سے باہر لگے، کل بکتر بند گاڑی میں یہ مدینہ گئے پھر بھی چور، چور کے نعرے لگے، عمران خان نے ناموس رسالت ۖ کا مقدمہ لڑا، انہوں نے سنگین جرائم میں ملوث کئی افراد کے نام ای سی ایل سے نکالے، ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کو پٹہ ڈالا جائے یہ خانہ جنگی کرائیگا، ۔ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے 14 بار فوج کے جوتے چاٹے، راشد شفیق کی رہائی کی بھیک نہیں مانگ رہا، اچھا ہے وہ دس 15 دن اندر رہے، یہ اس کی پہلی جیل ہے، میں تو ریٹائر ہونے جا رہا تھا لیکن نالہ لئی اور عمران خان کی وجہ سیالیکشن لڑوں گا،انہوں نے عمران خان کو یا شیخ رشید کو گرفتار کیا تو حالات خراب ہوجائیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے میرا نام تو دینا ہی تھا، عمران خان جیسا آدمی جو ننگے پاوں روضہ رسول پر جاتا ہے اس کا نام بھی مقدمہ دے دیا، جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی میرا زیور ہے، عدلیہ انصاف کرے، سارا بوجھ عدلیہ پر آنے والا ہے، جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، ایف آئی آرز پڑی، ساری ایف آئی آرز رانا ثنااللہ نے خود لکھوائی ہیں، مقتدر حلقے کبھی خاموش نہیں رہتے، ان کی آنکھیں اور کان کھلے ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم ناموسِ رسالت کے عاشق ہیں جو بھی حرمین شریفین کی تضحیک کرے ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں، میں نے پشاور میں کہا تھا کہ لوگوں نے انہیں گالیاں دینی ہیں، میں نے حکومتی وفد کو ان کی مدد کرنے کے لیے بتایا تھا کہ آپ کے حالات خراب ہیں، 19 دن پہلے جب میں مدینہ گیا تو وہاں پر موجود مائیں میرا ماتھا چومتی تھیں، نوازشریف لندن میں علاج کے بہانے فرار ہوگئے اور انہوں نے وہاں کبھی پیناڈول نہیں کھائی، ان کے پڑوسی بتاتے ہیں کہ یہاں سے جو بھی گزرتا ہے ان کو چور کہہ کے گزرتا ہے، میں آج پھر پیش گوئی کر رہا ہوں یہ دنیا کے جس ملک میں بھی جائیں گے لوگ ان کو ٹماٹر اور انڈے ماریں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی باپ بیٹا ایسا نہیں جن پر فرد جرم لگنی تھی وہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی ہیں، 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے اور عمر قید کی سزاوں میں ہے، ان چوروں نے 40 ارب روپے نگلے ہوئے ہیں، سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے، گزشتہ رات بھی میرے پیچھے لوگ لگائے رکھے، یہ لوگ مجھے مارنا چاہتے ہیں اور عمران خان کے لانگ مارچ کو فیل کرنا چاہتے ہیں، ان کو شیخ رشید سے تکلیف کیا ہے، میں نے آج تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کروا دی ہے، جس میں نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثنااللہ اور حمزہ شریف سمیت 7 لوگوں کو نامزد کیا ہے اور بتایا ہے کہ یہ لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، میں نے آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی ایم آئی کو بھی درخواست دے دی ہے، میں نے وقت سے پہلے لکھ کر دے دیا ہے کہ مجھے کچھ ہوا تو یہ لوگ ذمہ دار ہیں۔شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے آج وائٹ پیپر بھی جاری کر دیا ہے، مئی کا مہینہ خطرناک اور خوفناک ہے، لوگ عمران خان کی کال پر آ رہے ہیں، چاند رات کو بھی لوگ جھنڈے لے کر نکلیں گے، مائیں بہنیں اس طرح نکلیں گی کہ لوگوں کا سمندر نہیں سنبھالا جائے گا، اگر آپ نے مجھے مجبور کیا تو اکتیس مئی سے پہلے ہر ہفتے پریس کانفرنس کر سکتا ہوں