عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں صدر عارف علوی

عید کی حقیقی خوشی تب ہی مل سکتی ہے جب ہم دوسروں کو بھی اپنی خوشی میں شریک کریں،صدر کا عید کے موقع پر پیغام

اسلا م آباد(ویب  نیوز)

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الفطر2022/1443ھ کے  پر مسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے للہ تعالی سے دعاء کی ہے کہ  وہ اس مبارک دن کو تمام پاکستانیوں اور عالم اسلام کے لیے خوشیوں اور آسانیوں کا سبب بنائے۔ آمین۔اپنے جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کا بے پایاں کرم ہے کہ اس نے ہمیں بھرپور طریقے سے رمضان المبارک میں اجتماعی عبادت کرنے کا موقع اور توفیق عطا فرمائی اور آج عید الفطر کے پرمسرت لمحات میں ہم اس توفیق پر اللہ تعالی کا شکر بجالا رہے ہیں اور خوشی ومسرت کا اظہار کررہے ہیں۔ رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں کی روحانی اور اخلاقی تربیت کا مہینہ ہے ۔یہ مہینہ اعلی انسانی صفات اور روحانی پاکیزگی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ روزہ ہماریاندر صبر، تحمل، برداشت اور تقوی جیسی اعلی صفات پیدا کرتا ہے۔یہ ہمارے اندر دوسرے انسانوں کی خیرخواہی اور فلاح وبہبودکا جذبہ ابھارتا ہے اور اپنی ذات سے بالا ہوکرسوچنے کی ترغیب دیتا ہے۔صدر نے کہا کہ عید الفطر کا دن اللہ سبحانہ وتعالی کی طرف سے بخشش، رحمت اور عفو ودرگذر کا دن ہے۔یہ دن خوشیاں بانٹنے اور اپنے معاشرے کے محروم طبقے کے لیے ایثاروقربانی کا دن ہے۔اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کا موقع فراہم کریں کیونکہ عید کی حقیقی خوشی تب ہی مل سکتی ہے جب ہم دوسروں کو بھی اپنی خوشی میں شریک کریں۔عارف علوی نے کہا کہ آئیے ! ا ج اس پرمسرت موقع پر ہم عہد کریں اور اللہ تعالی کے حضور دعا کریں کہ عبادت کا جو شوق، ضبطِ نفس کی جو خوبی اور ایثار وقربانی کا جو عملی مظاہرہ ہم نے رمضان المبارک میں کیا وہ ہماری شخصیت اور کردار کا حصہ بن جائے اور ہمیں نہ صرف اپنی ذات بلکہ ملک وقوم کی فلاح وترقی کا سبب بنائے اور ملکی سالمیت و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!