مسجدالاقصی میں نماز عید کا روح پرور اجتماع،دو لاکھ سے زائد فرزندان توحید کی شرکت

مسجد اقصی نمازیوں کی عید کی تکبیروں سے گونج اٹھا

القدس اور مقبوضہ اندرونی علاقوں سے آنے والے زائرین سے مسجد اقصی بھر گئی

مقبوضہ بیت المقدس (ویب  نیوز)

فلسطین میں  پیر کے روز عید الفطر پورے جوش و جذبے سے منائی گئی۔ اہلیاں فلسطین اور دیگر ممالک سے مسلمانوں نے اس دینی فریضے کو پورے جوش و جذبے سے منایا اور اور اسرائیلی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قبلہ اول میں اپنی موجودگی کو یقینی بنایا۔ عرب میڈیا کے مطابق دو لاکھ سے زائد فرزندان توحید نے مسجد اقصی میں نماز عید الفطر کی ادا کی۔  مسجد اقصی نمازیوں کی عید کی تکبیروں سے گونج اٹھا۔ القدس اور مقبوضہ اندرونی علاقوں سے  آنے والے زائرین سے  مسجد اقصی بھر گئی۔ مسجد اقصی پہنچنے اور عید کی نماز ادا کرنے والے نمازیوں میں خوشی اور مسرت کا ماحول تھا۔رضاکاروں نے عید الفطر کے موقع پر قب الصخر میں بچوں میں کھلونے تقسیم کیے۔ نمازیوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ رمضان میں اور رمضان کے بعد بھی الاقصی کے وفادار رہیں گے اور عہد پر ثابت قدم رہیں گے،واضح رہے کہ جمعہ کے روز عالمی یو م القدس کے دن صیہونی فوجیوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی میں داخل ہو کر فلسطینی نمازیوں پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ صیہونی فوجیوں کے مسجدالاقصی میں غیرقانونی داخلے کو روکنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں پر انہوں نے حملہ کیا تھا۔ صیہونی فوجیوں نے اس حملے میں آنسوگیس کے گولے اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔مسجدالاقصی میں ہونے والی جھڑپوں میں 152 فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔ صیہونی فوجیوں نے اپنے حملے میں فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی اور صوتی بموں کا بھی استعمال کیا