حکومت کا عیدالفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

ملک بھر میں لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی، وزارت توانائی کا دعوی

اسلام آباد(ویب  نیوز)وفاقی حکومت نے عیدالفطر کے تینوں دن بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ حکومت نے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات طلب کر لیں۔ عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام پاور جنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔تیل اور گیس کی قلت کے باعث متعدد پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی۔ ذرائع کے مطابق عید پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کنٹرول نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔علاوہ ازیں وزارت توانائی سے عید الفطر سے قبل عوام کو ملک میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی خوشخبری سنا دی۔وزارت توانائی نے دعوی کیا ہے کہ 2500 میگاواٹ سے زائد اضافی بجلی سسٹم میں شامل ہوگئی ہے جس کی بدولت آج سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ صفر کردی گئی ہے۔وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں اور ہائی لاسز والے فیڈرز پر لوڈمینجمنٹ کی جارہی ہے۔وزارت توانائی نے کہا ہے کہ یکم مئی سے بجلی کی پیداوار میں تقریبا 2000 میگاواٹ اضافہ ہو جائے گا، ماسوائے کم بازیابی فیڈر کہ ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں لوڈ شیڈنگ کم ہوگئی ہے اور عید کی تعطیلات میں زیرو لوڈشیڈنگ کی جائے گی۔وزارت توانائی نے کہا ہے کہ عید تعطیلات کے بعد بھی بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلیے کوشاں ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے یکم مئی سے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کی تھی