بجلی کی قیمت میں اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، نیپرا نے  نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد (ویب نیوز)

حکومت نے غریب عوام پر بجلی کا ایک اور بم گرا دیا، بجلی 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا اعلان کر دیا، بجلی کی قیمت میں یہ اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا،  نیپرا نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا،اضافے  کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے عید الاضحی سے قبل شہریوں کو بجلی کا بڑا جھٹکا دے دیا ، بجلی کی قیمت میں  دو، تین نہیں بلکہ  7 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ جمعرات کے روز نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے اور اضافی وصولی جولائی کے بلوں میں کی جائے گی۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ اس کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں وصول کی جانے والی اس رقم میں اضافے کی وجہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قرار دیا ہے۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اس اضافے کے حوالے سے سماعت 27 جون کو آن لائن کی گئی تھی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔ نیپرا میں مختلف پاور کمپنیوں کی جانب سے 13.89 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی تھی لیکن نیپرا نے 7.9 روپے فی یونٹ اضافے کی اجازت دی۔