ایک بھارتی نژاد سی آئی اے کا پہلا ٹیکنیکل افسر مقرر
واشنگٹن (ویب نیوز)
امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے اپنا پہلا ٹیکنیکل افسر بھارتی نژاد نند مول چندانی کو مقرر کیا ہے۔ اس باوقار عہدے پر مول چندانی کی تقرری کی اطلاع سی آئی کے ڈائریکٹر ولیم جے برنس نے سوشل میڈیا کے ذریعہ دی۔جرمن ٹی وی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مول چندانی کو امریکی سلیکون ویلی نیز محکمہ دفاع میں کام کرنے کا 25برس سے زیادہ کا تجربہ ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ "مول چندانی، پرائیوٹ سیکٹر، اسٹارٹ اپ اور حکومتی اداروں میں حاصل کردہ اپنے تجربات اور مہارت سے سی آئی اے کو بہرہ ور کریں گے۔”سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس نے اپنے بلاگ میں مزید لکھا،”عہدے پر تقرری کی تصدیق کے بعد سے ہی میں نے ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرنے کو ترجیح دی ہے اور سی ٹی او(چیف ٹیکنیکل افسر) کے نئے پوزیشن میں تقرری اس کوشش کا نہایت اہم حصہ ہے۔ مجھے اس بات پر مسرت ہے کہ نند مول چندانی ہماری ٹیم میں شامل ہوئے ہیں اور وہ اس نئے اہم رول میں اپنی وسیع تر تجربات اور مہارت سے فائدہ پہنچائیں گے۔
"سی ٹی او کی حیثیت سے مول چندانی جدید ترین اختراعات سے سی آئی اے کو فائدہ پہنچانے کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سی آئی اے کے مشن کو وسعت دینے کے لیے مستقبل کے اختراعات سے استفادہ کرنا بھی سی ٹی او کے طور پر مول چندانی کی ذمہ داری ہوگی۔کورنیل یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس اور ریاضی میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد مول چندانی نے اسٹین فورڈ یونیورسٹی سے مینجمنٹ میں ماسٹر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں بھی ماسٹرز ڈگری حاصل کی۔سی آئی اے کے پہلے ٹیکنیکل افسر کے عہدے پر تقرری سے قبل وہ محکمہ دفاع کے جوائٹٹ آرٹیفیشئل انٹلی جنس سینٹر میں سی ٹی او اور کارگذار ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔وہ Oblix (جسے اوریکل نے خریدلیا)، Determinia (جسے وی ایم ویئر نے ایکوائر کیا)، Open DNS(جسے سسکو نے خریدا)، اور ScaleXtreme (جسے سائٹرکس نے ایکوائر کیا)جیسے متعدد کامیاب اسٹارٹ اپ کے شریک بانی اور سی ای او رہ چکے ہیں۔مول چندانی نے اپنی اسکولی تعلیم دہلی کے بلیو بیلز انٹرنیشنل اسکول سے حاصل کی۔اپنی تقرری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مول چندانی نے کہا،”سی آئی اے میں شامل ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے مزید کہا،”اپنے اس نئے رول میں میں ٹکنالوجی کے ماہرین اور اپنے شعبے کے ماہرین پر مشتمل ایجنسی کی شاندار ٹیم کے ساتھ مل کر اس کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی کوشش کروں گا، جو پہلے ہی عالمی میعار کے انٹلیجنس اور صلاحیتوں کی مدد سے ایک جامع ٹیکنالوجی اسٹریٹیجی تعمیر کرچکے ہیں