ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا،شہباز شریف
گزشتہ حکومت کا فلاحی منصوبوں کو تعطل میں ڈالنا قومی مفادات کے منافی ہے، پی کے ایل آئی کو سیاست کی بھینٹ چڑھادیا گیا
وزیراعظم کا لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب
لاہور(ویب نیوز)
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، گزشتہ حکومت کا فلاحی منصوبوں کو تعطل میں ڈالنا قومی مفادات کے منافی ہے، پی کے ایل آئی کو سیاست کی بھینٹ چڑھادیا گیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کردیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہسپتال میں عالمی معیار کی جدید مشینری موجود ہے، سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال کی طرح ہم نے پی کے ایل آئی بنایا تھا جہاں مایہ ناز ڈاکٹر رکھے گئے۔ سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کرے گا۔ ہزاروں لوگ آنیوالے دنوں میں اس ہسپتال سے علاج کرائیں گے، مستحق افراد کو مفت علاج کی سہولت اہم کاوش ہے۔اس سے قبل وزیراعظم کو ہسپتال کے مختلف شعبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ہسپتال میں موجود ڈائیلائسز اور سی ٹی سکین کی سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہسپتال کے کینسر وارڈ کا بھی دورہ کیا جہاں جدید ترین مشینری کے ذریعے طریقہ علاج اور پیشہ وارانہ سٹاف کی ہمہ وقت دستیابی بھی بتایا گیا۔شہباز شریف کو انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ ہسپتال میں عالمی معیارکے علاج کی سہولت میسر ہو گی، جدید آلات سے لیس ہسپتال مستحق مریضوں کومفت علاج فراہم کرے گا، اوپی ڈی، کینسر، امراض قلب سمیت مختلف بیماریوں کا علاج میسر ہو گا۔