عمران خان کے الزامات کو جھوٹ اور پروپیگنڈاہیں،امریکا
جھوٹ اورپروپیگنڈے کوپاکستان سے تعلقات میں آڑے نہیں آنے دیں گے
امریکی وزیرخارجہ نے پاکستانی ہم منصب سے دو طرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
واشنگٹن(ویب نیوز)
امریکا نے ایک بار پھر عمران خان کے الزامات کو جھوٹ اور پروپیگنڈاقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتے ہیں،جھوٹ اورپروپیگنڈے کو پاکستان سے تعلقات میں آڑے نہیں آنے دیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین وسیع بنیادوں پر دوطرفہ تعلقات ہیں، پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔ جھوٹ، پروپیگنڈے اورڈس انفارمیشن کو پاکستان سے تعلقات میں آڑے آنے نہیں دیں گے۔ترجمان محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے 6مئی کو پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹوزرداری سے فون پربات کی اوردونوں ممالک کے 75 سالہ تعلقات مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں استحکام اوردہشتگردی کیخلاف مشترکہ اقدامات پربھی بات چیت کی۔ باہمی اقتصادی تعلقات، تجارت ، سرمایہ کاری، آب و ہوا، توانائی، صحت اور تعلیم کے حوالے سے جاری مصروفیات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔