جان سے مارنے کی سازش ہو رہی ، ویڈیو پیغام ریکارڈ کروا دیا، مجھے کچھ ہوا تو سب سامنے آ جائے گا،عمران خان
آج تک دنیا کی تاریخ میں کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، اس انقلاب کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی..سیالکوٹ جلسے سے خطاب
طاقتور عہدوں پر بیٹھے لوگ کرپشن کو کچھ نہیں سمجھتے ہیں،سیالکوٹ جلسے سے خطاب
سیالکوٹ(ویب نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان نے دعوی کیا ہے کہ بند کمروں میں مجھے جان سے مارنے کی سازش ہو رہی ہے، اس سازش کا مجھے پہلے سے پتہ تھا، میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو یہ ویڈیو پوری قوم کے سامنے آئے گی۔سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ اللہ تیری عبادت اورتیرے سے مدد مانگتے ہیں، کسی انسان اورکسی سپرپاورکے سامنے ہم نہیں جھکتے، ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈرکی امت ہے۔ نوازشریف جتنے بزدل تم اتنی ہی تمہاری پارٹی ہے، ہماری حکومت نے ایک دفعہ بھی ان کے جلسے،لانگ مارچ روکنے کی کوشش نہیں کی،عمران خان ہرتین ماہ بعد یہ ہماری حکومت گرانے آتے تھے،عمران خان تمہارے ساتھ ملک کی بڑی بیماری زرداری بھی تھا۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے سازش کر کے ہمیں بڑے میدان میں جلسہ نہیں کرنے دیا، نواز شریف بزدل ہے، جس نے زندگی میں کوئی ایک کام ایمانداری سے نہیں کیا۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی بیماری کی ایسی اداکاری کی کہ لگتا تھا ابھی مرجائے گا ، مگر جیسے ہی انہوں نے جہاز کی سیڑھیاں دیکھیں تو فورا اس میں جاکر بیٹھ گئے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شریف اور زرداری خاندان نے تیس سال حکومت کی، ہمیں صرف ساڑھے تین سال اقتدار ملا، شہباز شریف کہتا ہے، پاکستانی بھکاری ہیں، اس لیے انہیں امریکی غلامی کرنی پڑیگی۔عمران خان نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے انہیں خواجہ وینٹی لیٹر قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کو وینٹی لیٹر پر تم نے ڈالا ہے ، ہم نے تو صرف ساڑھے تین سال ملک میں حکومت کی ، تم لوگ یہاں سے پیسہ لوٹ لوٹ کر باہر لے گئے ہو۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج تک دنیا کی تاریخ میں کبھی کوئی انقلاب کو نہیں روک سکا، یہ سیاست نہیں ہورہی یہ انقلاب آرہا ہے، اور اسے نہ نواز شریف روک سکتے ہیں ، نہ شہباز شریف ، نہ ان کا بیٹا روک سکتا ہے، نہ ہی وزیر داخلہ روک سکتا ہے ، اس انقلاب کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔عمران خان نے کہا کہ جب ہم اسلام آباد پہنچیں گے تو پر امن رہیں گے ، اگر تم نے روکنے یا انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو تمھیں پورے پاکستان میں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتا ہے کہ ہمیں امریکہ کی غلامی کرنا پڑی گی، سیالکوٹ کے لوگ بتائیں کیا وہ غلامی کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک بات سن لو یہ سیاست نہیں ہو رہی یہ انقلاب ہے، اس کو نواز شریف لندن میں بیٹھ کر نہیں روک سکتا نہ ہی اس کا بھائی،اور نہ قتل کرنے والا وزیر داخلہ بھی انقلاب کو نہیں روک سکتا،ان کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کے جنون کو سلام پیش کرتا ہوں، پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف نے نہ بزنس ایمانداری سے کیا نہ الیکشن ایمانداری سے لڑتا ہے، پرویز مشرف کے دور میں نواز شریف جھوٹ بول کر دم دبا کر باہر بھاگا، ایسا لگتا تھا کہ نواز شریف جہاز کی سیڑھیاں بھی نہیں چڑھ پائے گا، ایسی اداکاری کی بالی ووڈ میں رول مل سکتا ہے، لندن کی ہوا لگتے ہی نواز شریف کی ساری بیماری ختم ہوگئی۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ میرے خلاف بند کمروں میں ایک سازش ہورہی ہے، سازش کرنیوالے چاہتے ہیں عمران خان کی جان لے لی جائے، میں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کروا کر محفوظ جگہ پر رکھوا دی ہے، مجھے کچھ ہو جائے تو یہ ویڈیو پوری قوم کو دکھائی جائے، جو جو سازش میں ملوث ہے ویڈیو میں ایک ایک کا نام لیا ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے کچھ ہوا تو چاہتا ہوں آپ کو پتہ چلے سازش میں کون ملوث تھا، چاہتا ہوں جس جس نے غداری کی قوم کے سامنے سب کی شکلیں آئیں۔ عوام بتائیں کیا امریکا کی غلامی منظور ہے؟، ہمیں امریکا کی غلامی اس لئے قبول نہیں کیونکہ ہم محمد ۖ کے امتی ہیں،انہوں نے کہا کہ مجھے یہاں پہنچنے کے لیے ایک گھنٹہ لگا کیونکہ سارے راستے بند ہیں، اس طرف قافلے آرہے اس طرف لیکن پہنچ نہیں سکتے کیونکہ انہوں نے سازش کے تحت بڑے گراونڈ میں جلسہ کرنے سے روکا۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم تحریک آزادی کے بعد دوسری آزادی کے لیے تیار ہے اور اپنی حقیقی آزادی کی کوشش کر رہی ہے۔حکومت کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ اس کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے،عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو سارے پاکستانیوں کو چاہتا ہوں کہ آپ کو پتہ چلے کہ کون کون اس سازش میں ملوث تھا، باہر بیٹھ کر کون اس سازش کا کردار تھا اور میرے ملک میں بیٹھ کر کس کس نے سازش کی ہے، سب کے نام لیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان سب کے نام لیے ہیں، جنہوں نے یہ منصوبہ بندی کی، ایک،ایک کا نام میرے دل پر لکھا ہوا ہے کہ انہوں نے کیسے پوری منصوبہ بندی کرکے بیرون ملک سازش، جس میں اس ملک کا کرپٹ ٹولا مل کر اور کون کون مزید ان کے ساتھ تھے، انہوں نے جو میری حکومت گرائی ہے اور یہ آگے جو کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کی تاریخ ہے کہ کبھی طاقت ور کو قانون کے نیچے نہیں لایا جاتا، کبھی طاقت ور کا احتساب نہیں ہوتا، ہمیشہ طاقت ور بچ جاتا ہے اور جو بھی قتل ہوتا ہے، کسی اور کے نام لگ جاتا ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ویڈیو ریکارڈ کرکے اس لیے محفوظ رکھی ہے کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ اس باری، اس ملک کا انصاف کا نظام، اس ملک کی تاریخ ہے کہ کبھی انہوں نے طاقت ور مجرم کو نہیں پکڑا، اس لیے لیاقت علی خان کے زمانے سے اب تک کوئی طاقت ور مجرم نہیں پکڑا گیا، اس لیے چاہتا ہوں قوم کے سامنے سب کی شکلیں آئیں کہ کون کون غداری کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں نے ساڑھے تین سال میں پوری کوشش کی کہ جو30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو سزائیں ہو ،ان کے خلاف کارروائی ہو لیکن جو جو اس ملک کے طاقت ور عہدوں پر بیٹھے تھے جنہوں نے انصاف کرنا تھا وہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، وہ طاقت ور کی کرپشن کو کچھ نہیں سمجھتے ہیں۔کسی کا نام لیے بغیر طاقت ور عہدوں پر بیٹھے افراد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تسلیم کر بیٹھے ہیں اس ملک میں طاقت ور لوگ چوری کریں گے اور کوئی پکڑے گا نہیں۔