میرانشاہ میں خودکش دھماکہ، 3سکیورٹی اہلکار اور3 کمسن بچے شہید
33 سالہ حوالدار زبیر قادر،21 سالہ سپاہی عزیر اسفر اور22 سالہ مقصودنے جام شہادت نوش کیا،ترجمان آئی ایس پی آر
شہباز شریف،مریم اورنگزیب اور بلاول بھٹو زرداری کی خود دھماکے کی شدید مذمت
معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں،اس سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیر اعظم
راولپنڈی (ویب نیوز )
شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خود کش دھماکے میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ میں خود کش دھماکہ ہوا جس میں 3 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے، دھماکے میں 3 بچے بھی شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہادت پانے والوں میں پاکپتن کے 33 سالہ حوالدار زبیر قادر،ہری پور سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ سپاہی عزیر اسفر اورملتان سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ مقصود بھی شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے، جبکہ شہید بچوں میں 8 احسن ، 11 احمد حسن ا ور 4 انعم شامل ہیں۔انٹیلی جنس ایجنسیاں خودکش حملہ آور اور اس کے ہینڈلرز اور سہولت کاروں سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خود کش دھماکے کی مذمت کی ہے، شہباز شریف نے 3 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد کی شہادت پر رنج و غم اور افسوس، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے،وزیراعظم نے لانس حوالدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جبکہ شہید بچوں 4 سالہ انعم، 8 سالہ احسن اور11سالہ احمد حسن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ معصوم بچوں کے قاتل اسلام اور انسانیت دونوں کے دشمن ہیں،اس سفاک وحشت اور درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قاتلوں کے سرپرستوں کو سزا دے کر رہیں گے،افواج پاکستان کی عظیم قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے، اپنے شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے،شجاعت و شہادت ہماری افوج کی تابناک روایت ہے ہمارے شہدا نے اسے برقرار رکھا ہے ،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے، اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں خودکش دھماکہ پر اظہار مذمت کی ہے۔اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ شرپسند عناصر امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں، ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، ملک میں امن و امان کی بحالی کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،وفاقی وزیر اطلاعات نے دھماکہ میں سیکورٹی اہلکارروں اور بچوں کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت کا ظہار کیا اورشہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ادھر و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی میران شاہ میں خودکش حملے کی مذمت کی ہے اور دہشتگرد حملے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بچوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے،بلاول بھٹو نے شہید اہلکاروں حولدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے،انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی، پوری قوم دہشتگردوں سے سینہ سپر پاک فوج کے ساتھ ہے