لاہور (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے ملک میں آئندہ ہونے والے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کا آغاز گذشتہ سال سے کیا ہوا ہے اور اس حوالے سے گھر گھر تصدیقی عمل اورغیر حتمی انتخابی فہرستوں عوام الناس کے معائنہ کے لئے تیار ہیں۔ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی شیڈول کے مطابق صوبہ پنجاب کے 37اضلاع میں 12039 ڈسپلے سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جو کہ 21مئی سے 19جون2022 تک عوام/وووٹرز کیلئے موجود رہیں گے۔ڈسپلے سینٹرز پر غیر حتمی انتخابی فہرستیں عوام الناس کے معائنے کیلئے آویزاں کی جائیں گی تاکہ متعلقہ انتخابی علاقے کے ووٹرز اپنے اندراج کے بارے میں تفصیلات فہرست میں سے دیکھ سکیں اورمندرجات میں کسی غلطی کی صورت میں درستگی کر ا سکیں۔متعلقہ ووٹرز انتخابی فہرست میں نام موجود نہ ہونے کی صورت میں فارم نمبر 15پر کر کے ڈسپلے سینٹر انچارج کے پاس جمع کرائیں۔ انتخابی فہرست میں کسی ووٹر کا نام موجود ہونے پر اعتراض دائر کرنے کیلئے فارم 16جمع کرایا جائے گاجبکہ انتخابی فہرست میں اندارج کے کوائف کی درستگی کیلئے فارم 17ڈسپلے سینٹر انچارج کے پاس جمع کروایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی موبائل ایس ایم ایس8300 سروس کو بھی اپڈیٹ کیاگیا ہے تاکہ ووٹرز اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر بھیج کر اپنے کوائف کے متعلق آگاہی حاصل کر سکیں۔الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کیلئے صوبہ پنجاب میں 43رجسٹریشن افسران، 1114اسسٹنٹ رجسٹریشن افسران اور 167ریوائزنگ اتھارٹیزتعینات کی ہیں۔صوبا ئی الیکشن کمشنر پنجاب کی طرف سے عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ صاف اور شفاف انتخابی فہرستوں کی تیاری کیلئے یہ نہایت ضروری ہے کہ ووٹرز اپنے کوائف اور ووٹ کے اندراج کی تفصیلات کا معائنہ کریں اور غلطی کی صورت میں انہیں درست کرائیں۔ اس مقصد کیلئے الیکشن کمیشن کا عملہ ڈسپلے سینٹر پر بھر پور تعاون کرے گا جبکہ کسی بھی قسم کی مشکل یا شکایات کی صورت میں الیکشن کمیشن کے ہیلپ لائن نمبر ز یا ضلعی الیکشن کمشنر کے رابطہ نمبرز پر شکایات درج کرائی جا سکتی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر ہر ضلع میں ڈسپلے سنٹرانچارج /اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسر کے متعلق ضروری معلومات موجود ہیں۔