یاسمین راشد بھی شیلنگ کی زد میں آئیں تاہم وہ گاڑی بھگا لے جانے میں کامیاب ہو گئیں
پولیس نے گاڑیوں سے کارکنان کو نکال کر شدید تشدد کیا، آنسو گیس کی بے تحاشا شیلنگ کی گئی
لاہور (ویب نیوز)
لاہور میں بتی چوک کے قریب پولیس کی شیلنگ سے علاقہ میدان جنگ بن گیا، آنسو گیس کے گولوں کے بھرپور استعمال کے باوجود پی ٹی آئی کارکنان نے پیش قدمی جاری رکھی، پولیس پر پتھرائو بھی کیا۔لاہور کا بتی چوک پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے مابین میدان جنگ بن گیا۔پولیس نے کارکنان پر لاٹھی چارج کیا تو کارکنوں نے بھرپور مزاحمت کی۔ پولیس نے گاڑیوں سے کارکنان کو نکال کر شدید تشدد کیا، آنسو گیس کی بے تحاشا شیلنگ کی گئی جس کے باعث کئی پی ٹی آئی کارکنان کی حالت بگڑ گئی۔تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کے ساتھ پولیس اہلکاروں نے بدتمیزی کی، ان کی گاڑی پر ڈنڈے برسائے جس پر ان کی گاڑی کی ونڈ سکرین ٹوٹ گئی۔ یاسمین راشد بھی پولیس کی شیلنگ کی زد میں آئیں تاہم وہ گاڑی بھگا لے جانے میں کامیاب ہو گئیں اور محفوظ مقام پر پہنچ کر اپنی آنکھیں دھوئیں۔شہر کے دیگر علاقوں داتا دربادر ،بھاٹی چوک ،اسلام پورہ ،کریم پارک ،موہنی روڈ اوربادامی باغ میں بھی پولیس اور کارکنان آمنے سامنے مقابلہ کرتے نظر آئے ،شیلنگ کے جواب میں کارکنان نے پولیس پر شدید پتھرئو کیا۔قبل ازیں پولیس نے تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اعجاز احمد چوہدری کوماڈل ٹاون سے گرفتار کر لیا، انہیں سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار گرفتار کرکے نا معلوم مقام پر لے گئے۔ ان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اعجاز احمد چوہدری کو اہلکاروں نے گھر کے دروازے توڑ کر گرفتار کیا۔