آئی ایم ایف فیول سبسڈی ختم کرنے پر پاکستان کو 90 کروڑ ڈالر جاری کریگا
اسلام آباد(صباح نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پاکستان کی جانب سے فیول سبسڈی ختم کرنے پر 90 کروڑ ڈالر قرض کی قسط جاری کریگا۔ برطانوی خبرایجنسی کے مطابق آئی ایم ایف چاہتا ہے پاکستان فیول سبسڈی ختم کرکے ٹریک پر واپس آئے،ڈیل کی آؤٹ لائن پرکام کرلیا،فیول سبسڈی ختم کرنے پر معاہدہ بحال ہوجائیگا اور پاکستان کے لیے فنڈنگ کے اور ذرائع کھل جائیں گے۔خبر ایجنسی کے مطابق پاکستانی وزارت خزانہ کے حکام پر امید ہیں کہ شہباز شریف کو فیول سبسڈی ختم کرنے پر راضی کرلیں گے، پاکستان نے معیشت پر مشاورت کے لیے پارلیمنٹ کا سیشن طلب کیا ہے۔خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہیکہ 16ماہ میں الیکشن کی توقع ہے اور فیول سبسڈی کا خاتمہ حکومتی الحاق کی ساکھ متاثرکرے گا۔خبر ایجنسی نے بتایا ہیکہ آئی ایم ایف سے پاکستانی وفدکے مذاکرات میں شریک رکن نے یہ تفصیلات بتائی ہیں۔خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت سے پیٹرول اور بجلی پر سبسڈیز ختم کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق آئندہ بجٹ میں قرض پروگرام کے مقاصد کے حصول پر بھی زور دیا گیا ہے جبکہ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہیکہ پاکستان نے گزشتہ جائزے میں طے شدہ پالیسیوں سے انحراف کیا۔