• رواں ہفتے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے،اسٹیٹ بینک اپنی رپورٹ جاری کرے گا
  • قرض پروگرام کے بقیہ ایک ارب 80کروڑ ڈالر2جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو مل جائیں گے،وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (ویب نیوز)

آئی ایم ایف سے پاکستان کو قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 20کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ایک ارب 20کروڑ ڈالر کی پہلی قسط اسٹیٹ بینک میں منتقل کردی ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو 3ارب ڈالر ملنے ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام 9ماہ کا ہے،3ارب ڈالر پاکستان کو ملیں گے۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ ہمارے کل زرمبادلہ کے ذخائر 13 اور 14ارب ڈالر کے درمیان ہوں گے، رواں ہفتے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے اسٹیٹ بینک اپنی رپورٹ جاری کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کے بقیہ ایک ارب 80کروڑ ڈالر2جائزہ رپورٹس کے بعد پاکستان کو مل جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت میں وزیراعظم شہبازشریف کا کردار اہم رہا ہے، ان کے علاوہ حکومتی معاشی ٹیم نے بھی مشکل اور کٹھن سفر میں بھرپور ساتھ دیا۔خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالرز قرض پروگرام منظور کیا ہے۔آئی ایم ایف اعلامیے کے مطابق 1.8 ارب ڈالر نومبر اور فروری میں دوبارہ جائزوں کے بعد شیڈول کیے جائیں گے، پاکستان کو طے شدہ پالیسیوں پر سختی سے کاربند رہنا ہوگا، پاکستان میں معاشی اصلاحاتی پروگرام معیشت کو فوری سہارا دینے کے لیے ہے، پروگرام سے پاکستان کی معیشت کو اندرونی اور بیرونی عدم توازن کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔