اسلام آباد (ویب نیوز)
مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے درمیان نئے چیئرمین نیب کے نام پر اتفاق ہوگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین نیب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرکا نام حکومتی فہرست میں سرفہرست ہے۔ تمام حکومتی جماعتیں جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر متفق ہیں۔ مقبول باقر کا نام آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں بھی زیر غور آیا۔ آصف زرداری اور شہباز شریف چیئرمین نیب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے نام پر متفق ہیں جبکہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو بھی ان کے نام پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ کوئی رکاوٹ نہیں آئی تو جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر ہی نئے چیئرمین نیب ہوں گے، وہ سندھ ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں پروموٹ ہوئے تھے۔ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے جج کے طور پر کردار پر کبھی کوئی اعتراض نہیں ہوا۔