یاسین ملک کو جان سے مارنے کا خدشہ ہے اور یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا، مشعال ملک

اسلام آباد (ویب نیوز)

سابق گورنر پنجاب چو ہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لیے دنیا بھر میں تحریک چلائیں گے۔ سابق گورنر پنجاب چو ہدری محمد  سرور نے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے وزیر اعظم بننے کے بعد بھی مسلمانوں کا قتل عام کیا اور بھارت نے جس طرح کا غیر انسانی اقدام کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ او آئی سی اور تمام فورم سے درخواست کروں گا کہ اس اقدام کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے خواتین کی عصمت دری ہو رہی ہے اور مودی نے بھارت کو بھی اقلیتوں کے لیے جہنم بنا دیا ہے۔حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ یاسین ملک کی رہائی مہم کے لیے برطانوی ہاس آف لارڈز ممبران سے رابطہ کیا ہے جبکہ انسان حقوق کے عالمی اداروں اور انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس میں بھی آواز اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی رہائی سیاست سے بالا تر ہے اور مسئلہ کشمیر پر قوم چٹان کی طرح متحد ہے۔ یاسین ملک برصغیر کے نیلسن منڈیلا ہیں کیونکہ فریڈم فائٹر کبھی دہشت گرد نہیں ہو سکتا۔ یاسین ملک کی رہائی کے لیے ملک اور بیرون ملک تحریک چلائیں گے۔ اس موقع پر مشعال ملک نے بات کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک پر بھارتی عدالت نے بے بنیاد الزامات عائد کر کے فیصلہ سنایا۔ یاسین ملک نے کہا وہ خود اپنا کیس لڑیں گے اور بھارتی عدالت میں یاسین ملک کے خلاف جھوٹے ثبوت پیش کیے جاتے تھے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک بہادر ہیں اور پرامن جہدوجہد آزادی کے لیے سرگرم تھے۔ یاسین ملک کو جان سے مارنے کا خدشہ ہے اور یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا انہیں خاندان سے رابطے کا حق بھی نہیں دیاجا رہا۔ یاسین ملک نے عدالت میں کہا اپنی زندگی کی بھیک نہیں مانگوں گا۔مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک نے پر امن تحریک کا علم اٹھایا اور مغربی دنیا کے کہنے پر یاسین ملک نے ہتھیار پھینکے اور پر امن سیاسی جدوجہد کی۔ یاسین ملک کو کچھ ہوا تو کشمیریوں کا دنیا سے اعتبار ختم ہو جائے گا۔ سید علی گیلانی کی قبر کو بھی جیل بنا رکھا گیا ہے۔